امریکی فوج نے کہا ہے کہ اس کے ایک طیارے نے بدھ کے روز ایک خالی آئل ٹینکر پر فائرنگ کرکے اسے اس وقت ناکارہ بنا دیا، جب وہ ایران کی بندرگاہوں پر عائد بحری محاصرے کو توڑنے کی کوشش کر رہا تھا۔
امریکی سینٹرل کمان (سینٹکام) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ طیارے نے ہیل فائر میزائل ٹینکر کی چمنی (مدخنے) پر داغے، جس کے نتیجے میں اس کی نقل و حرکت معطل ہوگئی۔ بیان کے مطابق اب یہ جہاز ایران کی جانب نہیں جا رہا۔
— U.S. Central Command (@CENTCOM) July 15, 2026
سینٹکام نے بتایا کہ آئل ٹینکر کا نام ایم/ٹی بیلما (M/T Belma) ہے، جو کوراساؤ کے پرچم تلے رجسٹرڈ ہے۔
امریکی فوج کے مطابق اس تجارتی جہاز نے امریکی بحری محاصرے کی خلاف ورزی کی کوشش کے دوران متعدد انتباہات کو نظر انداز کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ایران پر دوبارہ بحری محاصرہ نافذ کیے جانے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ امریکا نے کسی جہاز کو طاقت کے استعمال سے روکا ہے۔ یہ محاصرہ منگل کو گرینچ وقت کے مطابق رات 8 بجے دوبارہ نافذ کیا گیا تھا۔
سینٹکام کے مطابق محاصرہ دوبارہ نافذ ہونے کے بعد ابتدائی 24 گھنٹوں کے دوران دو دیگر تجارتی جہازوں نے امریکی احکامات پر اپنا راستہ تبدیل کر لیا۔
امریکی فوج نے یاد دلایا کہ اس سے قبل 13 اپریل سے 18 جون تک بھی ایرانی بندرگاہوں کا بحری محاصرہ جاری رہا، جس کے دوران 9 جہازوں کو روکا گیا جبکہ 140 سے زائد جہازوں کا رخ تبدیل کرایا گیا۔ یہ تمام اعداد و شمار سینٹکام کے بیان پر مبنی ہیں۔