ہمارا ہدف مملکت کو دنیا سے جوڑنا اور سیاحت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے

سعودی کمپنی "دی ہیلی کاپٹرز" کے چیف ایگزیکٹو کے مطابق کمپنی مختلف شعبوں میں ہوائی سفر کے حل فراہم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

سعودی ایوی ایشن کمپنی "دی ہیلی کاپٹر کمپنی" کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارنو مارٹینز نے کہا ہے کہ کمپنی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ملکیت ہے اور یہ سات سال قبل سعودی ویژن 2030 کے اہداف کو تقویت دینے اور مختلف شعبوں میں مربوط ہوائی سفر کے حل فراہم کرنے کے مقصد سے قائم کی گئی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کمپنی نے اس عرصے کے دوران ہیلی کاپٹر کے شعبے میں تیز رفتار اور نمایاں پیش رفت حاصل کی ہے۔

فارنبرو ایئر شو کے موقع پر "العربیہ بزنس" کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مارٹینز نے مزید کہا کہ آج فکسڈ ونگ بزنس ایئرکرافٹ کے نئے آرڈر کا اعلان اسی حکمتِ عملی کا تسلسل ہے۔ اس کا مقصد سعودی مارکیٹ کو فضائی نقل و حمل کے جدید حل فراہم کرنا ہے خواہ وہ زائرین کے لیے ہوں، وی آئی پیز کے لیے ہوں یا ان صارفین کے لیے جو آپریٹنگ اور مینجمنٹ سروسز سے فائدہ اٹھاتے ہوئے طیارے کرائے پر لینا یا خریدنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ اقدام کمپنی کے پورٹ فولیو کی قدرتی توسیع کی نمائندگی کرتا ہے، جو اب صرف ہیلی کاپٹروں تک محدود نہیں رہا بلکہ اس میں فکسڈ ونگ طیارے بھی شامل ہو چکے ہیں۔

فضائی خدمات کی طلب کے حوالے سے مارٹینز نے کہا کہ کمپنی کی تیز رفتار نمو مملکت اور خطے میں مضبوط طلب کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ ہیلی کاپٹر مارکیٹ اور پرائیویٹ جیٹ مارکیٹ کے درمیان بنیادی فرق موجود ہے۔

مارٹینز نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر سروسز زیادہ تر مقامی طلب پر منحصر ہوتی ہیں، اسی لیے کمپنی نے گذشتہ سالوں کے دوران مملکت اور خطے کی ضروریات کو مختلف شعبوں میں پورا کرنے پر توجہ مرکوز کی، جن میں بڑے ایونٹس، سیاحت، انسانی ہمدردی کے مشن، ایئر ایمبولینس اور ریسکیو آپریشنز شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرائیویٹ جیٹس کا مقصد سعودی عرب کو دنیا سے جوڑنا ہے، جہاں صارف ریاض سے یورپ یا امریکہ وغیرہ کے لیے پرواز کر سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کمپنی سروس کے معیار پر توجہ دے کر ہیلی کاپٹر سیکٹر جیسی کامیابی دہرانا چاہتی ہے۔

مارٹینز نے واضح کیا کہ کہ کمپنی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی قیادت میں ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے کام کرنے والے نظام کا حصہ ہے اور اس کی موجودہ توجہ ریاض، جدہ اور مکہ مکرمہ میں اربن ایئر موبلٹی، حجاج و معتمرین کی خدمت اور ایئر ایمبولینس خدمات پر مرکوز ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پرائیویٹ جیٹ سیکٹر میں توسیع کا مقصد وی آئی پیز کو جدید اور مسابقتی سروسز دینا ہے، جس سے مملکت میں سیاحت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے۔

مارٹینز نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب نے گذشتہ بارہ سالوں میں نیوم اور ریڈ سی جیسے منصوبوں کے ذریعے غیر معمولی تبدیلی دیکھی ہے اور ان کا ذاتی عزم ایک بہترین سفری تجربہ فراہم کر کے مزید زائرین کو راغب کرنا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں