معروف مصری کامیڈین پر پاکستان کی توہین کے الزام میں مقدمہ

باسم یوسف نے صدر مرسی کو پاکستان میں اعزازی ڈگری ملنے کا مضحکہ اڑایا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

مصر کے معروف کامیڈین باسم یوسف نے اظہاررائے کی آزادی کے پردے میں اسلامی جماعت سے ماضی میں تعلق رکھنے والے صدر محمد مرسی پر طنز کے نشتر چلانے کا سلسلہ تو پہلے سے ہی جاری رکھا ہوا ہے لیکن اب پاکستان کو بھی اس کی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

مصری پراسیکیوٹرز اب اس ہجو گو طناز کے خلاف پاکستان کی توہین ،الحاد کی تبلیغ اور اسلام کی توہین کے الزامات میں تحقیقات کررہے ہیں۔باسم یوسف نے منگل کو خود ٹویٹر اکاؤنٹ پر اپنے خلاف ان تازہ مقدمات کی اطلاع دی ہے۔

عدالتی ذرائع کے مطابق باسم یوسف پر پاکستانی ریاست کی توہین اور اس کے مصر کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی کا موجب بننے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔انھوں نے اپنے ایک حالیہ پروگرام میں صدر مرسی کے اس ہیٹ سے کہیں بڑا ہیٹ سر پر اوڑھ رکھا تھا جو انھوں نے اسلام آباد میں ایک جامعہ سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری وصول کرتے وقت پہنا تھا۔

ایک مصری روزنامے التحریر کی اطلاع کے مطابق معروف کامیڈین کے خلاف دائرکردہ ایک اور درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انھوں نے اسلام کے پانچ ارکان میں سے ایک اور سب سے اہم رکن نماز کا مضحکہ اڑایا تھا اور ملک میں الحاد پھیلانے کی کوشش کی ہے۔

ان کے خلاف دائرکردہ تیسری درخواست میں الزام عاید کیا گیا ہے کہ انھوں نے مارچ میں پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر میں پیشی کے وقت ایک وکیل اور ایک عدالت کے باہر پولیس افسروں کی توہین کی تھی۔

باسم یوسف نے حال ہی میں اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ میں طنزیہ تحریریں پوسٹ کی ہے۔ان میں سے ایک میں انھوں نے لکھا کہ ''پبلک پراسیکیوشن کے دفتر میں وکلاء میرے ساتھ تصویر کھینچوانا چاہتے تھے''۔درخواست میں اس ٹویٹ کو توہین آمیز قرار دیا گیا ہے۔

گذشتہ ہفتے مصر کے اس معروف طنز گو سے صدر محمد مرسی اور مذہب اسلام کی توہین کے الزام میں پانچ گھنٹے تک تفتیش کی گئی تھی اور اس کے بعد انھیں ضمانت پر رہائی کے لیے پندرہ ہزارمصری پونڈز ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔اتوار کو پراسیکیوٹرز نے ان سے صدر مرسی اور اسلام کی توہین کی الزام میں پوچھ گچھ کی تھی۔مصر کے پراسیکیوٹر جنرل نے ہفتے کے روز ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ان کے خلاف صدر مرسی کے حامیوں نے چار شکایات درج کرائی تھیں۔

پراسیکیوٹر جنرل طلعت عبداللہ نے جنوری میں باسم یوسف کے خلاف صدر محمد مرسی کی توہین کے الزام میں تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ وہ امریکا کے طنز گو جان اسٹیوارٹ کے ''ڈیلی شو'' کے طرز پر مصری ٹی وی پر اپنا پروگرام البرنامج پیش کرتے ہیں۔انھوں نے ماضی میں اپنے شو میں حکمراں اسلام پسندوں اور صدر محمد مرسی کا مضحکہ اڑایا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں