.

بشارالاسد شام میں امن کے لیے عزم ظاہر کریں:جان کیری

شامی سفیر نے عمان میں منعقدہ ''دوستان شام اجلاس'' کی مذمت کردی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے عمان میں ''دوستان شام ممالک'' کے اجلاس سے قبل شامی صدر بشارالاسد پر زوردیا ہے کہ وہ اپنے ملک میں قیام امن کے عزم کا اظہار کریں۔

جان کیری نے بدھ کو عمان میں اردنی وزیرخارجہ ناصر جودہ کے ساتھ ملاقات کے بعد نیوزکانفرنس میں کہا کہ ''امریکا اور روس کی مجوزہ جنیوا میں منعقد ہونے والے کانفرنس میں شام میں جاری خونریزی کے خاتمے کے لیے کوشش کی جائے گی''۔

انھوں نے کہا کہ ''اگر بشارالاسد شام میں جاری خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے سیاسی حل پر تبادلہ خیال کو تیار نہیں ہوتے تو امریکا اور دوسرے ممالک شامی حزب اختلاف کی مدد میں اضافے پر غور کریں گے''۔

امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ لبنان کی جنگجو تنظیم حزب اللہ ایران کی مدد سے شامی تنازعے میں پوری طرح شریک ہے۔ان کے بہ قول ''گذشتہ چند روز کے دوران صدر بشارالاسد کی وفادار فورسز نے شام میں برسرزمین کامیابیاں حاصل کی ہیں لیکن ان کی یہ فتوحات عارضی ہیں''۔

درایں اثناء اردن میں متعین شامی سفیر بہجت سلیمان نے عمان میں منعقدہ دوستان شام کے اجلاس کی مذمت کی ہے اور اس اجتماع کو اپنے ملک کے خلاف اسرائیلی ،امریکی سازش کا حصہ قرار دیا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق شامی سفیر نے نیوزکانفرنس میں اجلاس میں شریک ہونے والے عرب ممالک کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ ممالک شام کی تباہی کے لیے اسرائیل کی جانب سے لڑی جانے والی امریکا کی جارحانہ دہشت گردی کی جنگ میں تعاون کر رہے ہیں۔