غزہ کے عازمین حج کو رفح کراسنگ سے مصر جانے کی اجازت
حجاج تین دن میں دیار مقدسہ پہنچیں گے
فلسطین کے مصر میں متعین سفیر نے کہا ہے کہ محصور شہر غزہ کی پٹی کے عازمین حج کو رفح گذرگاہ کے راستے قاہرہ کے ہوائی اڈے تک پہنچانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ جہاں سے وہ تین دن میں سعودی عرب پہنچ سکیں گے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق فلسطینی سفیر برکات الفراء نے ریاض میں جاری ایک بیان میں کہا کہ غزہ کے عازمین حج کو مصرکے راستے سعودی عرب لائے جانے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں قاہرہ اور فلسطینی سفارت خانے کے باہمی تعاون سے بدھ کے روز کئی حجاج کرام کو رفح بارڈر سے مصر لایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ موسم اور مصری عازمین حج کی تعداد کے پیش نظر فلسطینی مسافروں کو تین دن میں پروازیں مل سکتی ہیں۔ غزہ کے عازمین حج اور دیگر مسافروں کے سعودی عرب کے لیے سفر کا شیڈول جلد جاری کر دیا جائے گا۔ برکات الفراء کا کہنا تھا کہ رفح بارڈر کوتین دن تک مکمل طورپر کھلا رکھنے کابھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عازمین حج کی دیار مقدسہ میں آمد میں کوئی تاخیر نہ ہو۔