انصار بیت المقدس دہشت گرد تنظیم ہے: امریکا
تنظیم مصر میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہے
امریکا نے مصر میں سرگرم عسکریت پسند تنظیم انصار بیت المقدس کا نام غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔ امریکی حکومت کے فیصلے کے بعد تنظیم کی مالی معاونت سنگین جرم تصور کی جائے گی۔
امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انصار بیت المقدس اگرچہ مصر کی ایک مقامی شدت پسند تنظیم ہے جس کا براہ راست عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، لیکن دونوں کے افکار و نظریات یکساں ہیں۔
خیال رہے کہ انصار بیت المقدس کا قیام سنہ 2011ء کے مصری انقلاب کے بعد عمل میں لایا گیا تھا۔ اس تنظیم کے مراکز جزیرہ نما سیناء میں ہیں لیکن تنظیم مصر کے مختلف شہروں میں اہم شخٰصیات، سیکیورٹی حکام اور حکومتی و سیکیورٹی اداروں کے دفاتر پر حملوں کی ذمہ داری قبول کر چکی ہے۔ اسی تنظیم نے گذشتہ برس مصری وزیر داخلہ پر حملے کی منصوبہ بندی کا اعتراف کیا تھا تاہم پولیس نے یہ کارروائی ناکام بنا دی تھی۔
امریکا کی جانب سے انصار بیت المقدس کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ واشنگٹن، مصر میں تشدد میں ملوث تنظیموں کے حوالے سے اپنی پالیسی میں سختی لانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ سابق صدر محمد مرسی کی فوج کے ہاتھوں معزولی کے بعد ملک کی سب سے بڑی مذہبی سیاسی جماعت اخوان المسلمون کو دہشت گرد قرار دے کر جماعت پر پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے "رائیٹرز" کے مطابق مصر میں سرگرم عسکری تنظیم انصار بیت المقدس زیادہ پرانی تنظیم نہیں اور نہ ہی تنظیم کے بیرون ملک اثاثوں کی ٹھوس معلومات مل سکی ہیں، تاہم امریکی فیصلے سے یہ واضح ہے کہ بیرون ملک سے کوئی بھی شخص اس تنظیم کے ساتھ کسی قسم کا لین دین نہیں کر سکے گا۔
امریکی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ انصار بیت المقدس نے گذشتہ جنوری میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر پر راکٹ حملے میں پانچ مصری فوجیوں کو ہلاک کرنے اور قاہرہ سمیت ملک کے دیگر شہروں میں فوجی تنصیبات پر دھماکوں میں ملوث رہی ہے جس میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے تھے۔
-
انصار بیت المقدس کا مصری ہیلی کاپٹر گرانے کا دعوی
ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا، حملہ نہیں ہوا: فوجی ترجمان
مشرق وسطی -
مصر: انصار بیت المقدس کا کمانڈر توفیق فاریجی ہلاک
ہلاکت حادثاتی بم دھماکے سے ہوئی، متعدد کارروائیوں کا ماسٹر مائینڈ تھا
مشرق وسطی -
انصار بیت المقدس، الفرقان بریگیڈ اخوان کے عسکری ونگ ہیں: خرباوی
30 جون کی 'کاری ضرب' نے جماعت کا توازن تبدیل کردیا
مشرق وسطی