غربِ اردن : اسرائیلی فورسز نے فلسطینی لڑکی کو شہید کردیا
مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں اسرائیل کی سرحدی پولیس نے ایک فلسطینی لڑکی کو گولیاں مار کر شہید کردیا ہے۔اسرائیلی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس خاتون نے افسروں کو چاقو گھونپنے کی کوشش کی تھی۔
اسرائیلی پولیس نے ایک بیان کہا ہے کہ ''ایک فلسطینی خاتون مشکوک حرکات کرتے ہوئے بارڈر پولیس کے اہلکاروں کے نزدیک آ گئی تھی۔جب اس سے شناخت ظاہر کرنے کے لیے کہا گیا تو اس نے چاقو نکال لیا اور حملہ آور ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس فورسز نے اس کو گولی ماردی''۔
اتوار کو یہ واقعہ الخلیل میں واقع تاریخی ابراہیمی مسجد کے نزدیک پیش آیا ہے اور کوئی اسرائیلی پولیس اہلکار زخمی نہیں ہوا ہے۔اسرائیلی فورسز نے بعد میں اس فلسطینی لڑکی کی شناخت دانیا ارشید کے نام سے کی ہے۔اس کی عمر سترہ سال تھی۔
دوسری جانب عینی شاہدین نے اسرائیلی فورسز کے اس دعوے کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔ان میں سے ایک عبدو خضر نے بتایا ہے کہ ''جس وقت دانیا ارشید چیک پوائنٹ کے نزدیک پہنچی،اس وقت میں چند گز کے فاصلے پر تھا۔اس لڑکی نے سفید رنگ کا سرپوش اوڑھ رکھا تھا''۔
انھوں نے مزید بتایا ہے کہ''اس لڑکی نے اپنا بیگ فوجیوں کو دکھایا۔انھوں نے اس کی تلاشی لی اور پھر چلّانا شروع کردیا کہ چاقو کہاں ہے؟ چاقو کہاں ہے؟اس نے قدم پیچھے ہٹانے کی کوشش کی تو درجن بھر فوجیوں نے اس کا محاصرہ کر لیا اور اس کو یکے بعد دیگر سات یا آٹھ گولیاں مار دیں''۔
ایک فلسطینی راعد ابو رملیح نے ایک ویڈیو یو ٹیوب پر پوسٹ کی ہے۔اس میں سیاہ عبایا میں ملبوس ایک خاتون کی لاش زمین پر پڑی ہے۔باوردی افسر اس کے ارد گرد کھڑے ہیں اور اس کا سفید سرپوش خون سے رنگین ہوچکا ہے۔
اس فلسطینی نے فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ ''وہ لڑکی ایک چیک پوائنٹ پر پہنچی تو ایک فوجی نے اس کو بیگ دکھانے کا کہا جس پر اس نے اپنا بیگ زمین پر رکھ دیا۔اس کے بعد ہم نے گولیاں چلنے کی آواز سنی۔فوجیوں کا کہنا تھا کہ اس کے پاس چاقو تھا لیکن ویڈیو میں کوئی چاقو نظر نہیں آرہا تھا''۔
فلسطینی بین الاقوامی یک جہتی تحریک کا کہنا ہے کہ اس نے بھی فلسطینی لڑکی کی شہادت سے متعلق بیانات اکٹھے کیے ہیں اور عینی شاہدین نے واقعے کی کم وبیش یہی تفصیل بیان کی ہے۔انھوں نے بتایا ہے کہ پہلے اس لڑکی کی ٹانگوں میں گولیاں ماری گئی تھیں اور جب اس نے ہاتھ اوپر کرکے پیچھے مڑنے کی کوشش کی تو پھر اس کو سات یا آٹھ گولیاں مار کر موت کی نیند سلا دیا گیا۔