یمنی فوج نے صنعاء کے قریب اہم مقام کا کنٹرول دوبارہ سنبھال لیا

حوثی رہ نما اپنے تین ساتھیوں سمیت فضائی حملے میں ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

یمن میں محاذ جنگ سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ حکومتی فورسز کی بھرپور جنگی حکمت عملی کے نتیجے میں حوثی باغی اور مںحرف سابق صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار ملیشیا نے مزید کئی علاقے خالی کر دیے ہیں جن پر یمنی فوج نے اپنا کنٹرول دوبارہ قائم کر لیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مشرقی صنعاء کے نھم ڈاریکٹوریٹ میں متعدد مقامات سے حوثی باغی اور صالح ملیشیا بھاری جانی نقصان اٹھانے کے بعد نکل گئے اور ان علاقوں پر حکومتی فورسز نے اپنا کنٹرول قائم کر لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز جاری رہنے والی گھمسان کی لڑائی کے بعد باغیوں نے صنعاء کے قریب واقع اہم ترین تزویراتی مقام ’’النعیمات‘‘ خالی کر دیا اور رات گئے حکومتی فوج نے النعیمات کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔

یمنی فوج کے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ حوثی باغیوں اور علی صالح کے وفاداروں نے النعیمات میں مقامی شہریوں کے گھروں پر قبضہ کر کے انہیں فوجی بیرکوں میں تبدیل کر دیا تھا۔ باغی وہاں سے فرار ہو رہے ہیں جب کہ حکومتی فورسز ان کا مسلسل تعاقب جاری رکھے ہوئے ہیں۔

النعیمات سے فرار سے قبل باغیوں نے اپنے اسلحہ کی کچھ مقدار تلف کرنے کی کوشش کی ہے تاہم سیکیورٹی فورسز کو تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ باردو ملا ہے۔

ادھر ایک دوسری پیش رفت میں صنعاء کے المدفون اور اس کے ملحقہ پہاڑی علاقوں پر مزاحمتی فورسز نے قبضہ کرتے ہوئے حوثیوں کو وہاں سے مار بھگایا ہے۔ مزاحمتی ملیشیا کے ترجمان عبداللہ الشندقی نے بتایا کہ گذشتہ روز عقبہ المدفون کے مقام پر کی جانے والی کارروائی کے دوران 22 حوثی باغی ہلاک اور دسیوں زخمی ہو گئے۔ بھاری جانی نقصان اٹھانے کے بعد باغیوں نے علاقہ چھوڑ دیا۔ اس کارروائی میں یمنی فوج کے تین اہلکار بھی مارے گئے جب کہ آٹھ اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

الجوف شہر سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ حام کے علاقے میں مزاحمتی فورسز کی کارروائی میں کم سے کم 10 حوثی باغی ہلاک ہو گئے ہیں۔ جنوب مغربی گورنری تعز میں آٹھ حوثیوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ جبکہ صعدہ کے مقام پر ایک فضائی حملے میں حوثیوں کا مقامی رہ نما شاجع الکبسی اپنے تین ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں