.

لبنان: پارلیمان میں سعد حریری کی قیادت میں نئی قومی حکومت منظور

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لبنان کی پارلیمان نے کثرت رائے سے وزیراعظم سعد حریری کی قیادت میں قومی اتحاد کی نئی کابینہ کی منظوری دے دی ہے۔

پارلیمان میں کابینہ کی منظوری کے لیے قرارداد پر رائے شماری سے قبل ارکان نے نئی حکومت کے پالیسی بیان اور آیندہ مہینوں کے دوران اس کی ترجیحات پر بحث کی ہے۔

لبنانی اسمبلی کے 128 ارکان میں سے 92 رائے شماری کے وقت ایوان میں موجود تھے۔ان میں سے 87 نے اس کے حق میں ووٹ دیا ہے۔چار نے مخالفت کی ہے اور ایک رکن نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔

سعد حریری کی قیادت میں 18 دسمبر کو 30 ارکان پر مشتمل قومی اتحاد کی کابینہ تشکیل پائی تھی۔ نئے وزیر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ پڑوسی شام میں جاری جنگ کے اثرات سے ملک کو بچانا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔نئی حکومت میں لبنان کے تمام سیاسی دھڑے شامل ہیں اور شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے حصے میں دو وزارتیں آئی ہیں۔