مقبوضہ بیت المقدس : اسرائیلی پولیس کی فائرنگ سے فلسطینی شہید
اسرائیلی بارڈر پولیس نے مقبوضہ بیت المقدس میں ایک فلسطینی کو گولی مار کر شہید کردیا ہے اور حسب روایت یہ کہانی گھڑی ہے کہ مقتول نے دو پولیس اہلکاروں کو چاقو گھونپ دیا تھا۔
اسرائیلی پولیس کے ترجمان میکی روزنفیلڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حملہ آور کے پاس ایک چاقو تھا۔اس نے شہر کے قدیم حصے میں سوموار کی صبح دو پولیس اہلکاروں کا پیچھا کیا تھا اور انھیں چاقو گھونپ دیا جس سے وہ معمولی زخمی ہوگئے ہیں۔
اس کے بعد ایک پولیس افسر نے حملہ آور کو گولی مار دی جس سے وہ جان کی بازی ہار گیا ہے۔ مقتول کا تعلق مقبوضہ بیت المقدس ہی سے تھا۔
واضح رہے کہ دریائے اردن کے مقبوضہ کنارے میں اکتوبر 2015ء میں تشدد کی اس لہر کا آغاز ہوا تھا اور اس کے بعد سے 253 فلسطینیوں کو اسرائیلی فورسز نے اسی طرح کے واقعات یا کریک ڈاؤن کارروائیوں میں شہید کردیا ہے جبکہ فلسطینیوں کے مشتبہ چاقو یا کار حملوں میں 41 اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں۔ان کے علاوہ تشدد کے واقعات میں دو امریکی ،ایک اردنی ،ایک ایریٹیرین اور ایک سوڈانی شہری بھی ہلاک ہوا ہے۔