بے گناہوں کا قتل بلا تقریق مذہب حرام ہے: آل الشیخ
سعودی عرب کی امر بالمعروف ونہی عن المنکر اتھارٹی کے سابق چیئرمین ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے الحرم المکی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ان کی برین واشنگ کی گئی تھی جنہوں نے نہ رمضان کی حرمت کا خیال کیا، نہ نمازیوں کے تقدس اور نہ ہی آخری عشرہ کی برکتیں ان کا راستہ روک سکیں۔
’’العربیہ ‘‘ نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حرم پاک پر دہشت گرد حملہ ناکام بنا کر سیکیورٹی اہلکاروں نے ہزاروں معصوم زندگیوں کو محفوظ بنایا ہے۔’’ مسجد الحرام پر حملہ کرنے والے باغی ہیں اور یہ کچھ بھی کر گزرنے سے باز نہیں رہتے۔ مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ دہشت گردوں اور ان کی حمایت کرنے والوں کے خلاف واضح موقف اختیار کریں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے سہولت کار ان کے جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔ عبداللطیف آل الشیخ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ جو ملک دہشت گردی کی حمایت کرتے ہی ہیں مسلمان انہیں روکیں۔