سعودی سرحد پر دراندازی کی کوشش ، 20 حوثی باغی ہلاک
سعودی عرب کے صوبے جازان میں متعین مملکت کی فوج نے بدھ کی شب عسکری کارروائیاں کرتے ہوئے یمن کے ضلع حرض میں حوثی ملیشیا اور معزول صدر صالح کے پاسداران کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ مذکورہ یمنی علاقہ سعودی عرب کی سرحد سے 9 کلو میٹر دور ہے۔
یمنی باغیوں کی سعودی سرحد کی جانب نقل و حرکت نظر میں آ جانے کے بعد سعودی فوج نے توپ خانوں کے ذریعے ان مسلح عناصر کو نشانہ بنایا۔
"العربیہ" کے مطابق سعودی سرحد کی جانب پیش قدمی سے قبل باغی ملیشیاؤں نے کئی راکٹ داغے جو غیر آباد علاقون میں گرے۔
عسکری ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سعودی فوج کارروائی کے دوران یمنی ملیشیا کے 20 سے زیادہ ارکان کو ہلاک کرنے میں کامیاب ہوئی جب کہ متعدد جنگجو زخمی بھی ہوئے۔ علاوہ ازیں بعض اہم گڑھ بھی تباہ کر دیے گئے جہاں ان ملیشیا کے عناصر نے پناہ لے رکھی تھی۔