شامی باغیوں نے اسدی فوج کا لڑاکا جیٹ مارگرایا ، پائیلٹ گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

مغرب کے حمایت یافتہ شامی باغیوں نے صدر بشارالاسد کی وفادار فوج کا ایک لڑاکا جیٹ اردن کی سرحد کے نزدیک صحرائی علاقے میں مار گرایا ہے اور اس کے پائیلٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔

باغی گروپ اسود الشرقیہ کے ترجمان سعد الحاج نے برطانوی خبررساں ایجنسی رائیٹرز کو بتایا ہے کہ باغیوں نے صوبے السویدہ کے مشرقی علاقے میں شامی فوج کے روسی ساختہ مِگ کو طیارہ شکن توپ کے ذریعے مار گرایا ہے۔

انھوں نے بتایا ہے کہ طیارے کے گرفتار پائیلٹ سے تفتیش کی جارہی ہے۔تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ آیا پائیلٹ زخمی ہوا ہے یا بالکل سلامت ہے۔شامی فوج نے فوری طور پر اپنے طیارے کی تباہی کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔

صوبہ السویدہ کے مشرقی حصے کی سرحدیں اردن کے ساتھ ملتی ہیں اور اسی علاقے میں شامی فوج نے ایران کی تربیت یافتہ ملیشیاؤں کی مدد سے گذشتہ ہفتے بعض سرحدی چوکیوں اور چیک پوائنٹس پر دوبارہ قبضہ کر لیا تھا اور باغی جنگجو وہاں سے پسپا ہوگئے تھے۔

تاہم جیش الحر کا کہنا ہے کہ باغیوں کی اس علاقے میں دوبارہ کنٹرول کے لیے شامی فوج اور اس کے اتحادیوں سے لڑائی جاری ہے۔اس نے اردن کی حمایت یافتہ ایک قبائلی ملیشیا کو باغیوں کی اچانک پسپائی اور ان کے نقصانات کا ذمے دار قرار دیا ہے۔یہ ملیشیا سرحدی علاقے میں گشت پر مامور تھی اور اس کے اچانک وہاں سے ہٹ جانے سے شامی فوج کو لڑائی کے بالکل آغاز میں 2011ء میں چھوڑی ہوئی چوکیوں پر دوبارہ قبضے کا موقع مل گیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں