باران رحمت نے مکہ و مدینہ طیبہ کا حسن دوبالا کر دیا
سعودیہ میں موسم سرما کی پہلی بارش سے موسم میں خوش گوار ٹھنڈک
آج منگل کوسعودی عرب کے مختلف علاقوں بالخصوص مدینہ منورہ میں جم کر باران رحمت برسی جس نے شہر میں پھیلی دھند اور فضاء کوگرد وغبارکو ختم کردیا۔ بارش نے نہ صرف موسم میں خنکی اور ٹھنڈک میں اضافہ کیا ہے بلکہ مدینہ منورہ اور مکہ معظمہ کی فضاء کے حسن کو دوبالا کر دیا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق آج منگل کو سعودی عرب کی حائل، القصیم، رفحا، حفر الباطن، الدوامی، ملک کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں خوب بارش ہوئی۔
قبل ازیں سعودی عرب کے محکمہ موسمیات کی جانب سے مملکت کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرحدی علاقوں جازان، عسیر الباحہ میں بھی بارش اور اس کے نتیجے میں سردی بڑھنے کا امکان ہے۔ سعودی عرب میں یہ موسم سرما کی پہلی بارش ہے جس کے نتیجے میں سردی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔