ویانا میں بہت ہی نازک مرحلے پر شام امن مذاکرات کا آغاز : ڈی میستورا
اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے شام اسٹافن ڈی میستورا نے کہا ہے کہ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں آج جمعرات سے بڑے اہم اور نازک مرحلے کے موقع پر شام امن مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہورہا ہے ۔
انھوں نے بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں یقینی طور پر ان مذاکرات کے حوالے سے پُرامید ہوں کیونکہ یہ بہت ہی نازک مرحلے پر ہورہے ہیں اور اس دو روزہ بات چیت میں شامی حزبِ اختلاف کا مکمل وفد اور شامی حکومت کا ایک مکمل وفد حصہ لے گا۔
دریں اثناء فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں وائی ویس لی دریان نے پارلیمان میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں گذشتہ سات سال سے جاری جنگ کے خاتمے او ر بحران کے سیاسی حل کے لیے ویانا مذاکرات ایک آخری امید ہیں ۔البتہ ان کا کہنا تھا کہ کسی حتمی حل کی آج ہی توقع نہیں کی جانی چاہیے۔
اسٹافن ڈی میستورا کی میزبانی میں ویانا میں یہ مذاکرات سوئس شہر جنیوا میں شام امن مذاکرات کے سابقہ آٹھ ناکام ادوار کے بعد منعقد ہورہے ہیں۔ان سابقہ مذاکرات میں شامی بحران کے حل کے لیے کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی تھی اور طرفین ان میں ایک مرتبہ بھی ایک میز پر بالمشافہ بات چیت کے لیے نہیں بیٹھے تھے اور ان میں عالمی ایلچی کے ذریعے بالواسطہ ہی بات چیت ہوتی رہی تھی۔