سعودی عرب کا عالمی برادری سے دوما میں شہریوں کے تحفّظ کا مطالبہ
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے شام کے علاقے دوما میں بشار حکومت کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے پے درپے حملوں اور ان میں درجنوں افراد کے جاں بحق ہونے کی مذمت کرتے ہوئے اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اتوار کے روز ٹوئیٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "ہم غوطہ شرقیہ میں دوما کے علاقے پر خوف ناک کیمیائی حملے کے حوالے سے اپنی گہری تشویش اور شدید مذمت کا اظہار کرتے ہیں جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت درجنوں افراد لقمہ اجل بن گئے۔ ہم اس امر کی ضرورت پر زور دیتے ہیں کہ اس الم ناک سلسلے کو روکا جائے اور شامی بحران کا ایک پُر امن حل تلاش کیا جائے جس کی بنیاد جنیوا 1 اعلامیہ اور سلامتی کونسل کی قرار داد 2254 ہو۔ ہم اس بات کا پُر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ عالمی برادری شام میں شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے اپنی ذمّے داری کو پورا کرے"۔