محمد بن سلمان اور ٹریزا مے کا تیل کی منڈی کے استحکام پر زور
برطانوی وزیراعظم کے دفتر کے اعلان کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا ہے۔ بات چیت میں دونوں شخصیات نے تیل کی منڈی میں استحکام کی اہمیت کو باور کرایا۔
سعودی وزیر توانائی خالد الفالح یہ باور کرا چکے ہیں کہ 8 مئی کو امریکا کی ایرانی جوہری معاہدے سے علاحدگی کے بعد تیل پیدا کرنے والے ممالک اور صارفین کے مفاد کے لیے آئل مارکیٹ کے استحکام کو یقینی بنانے پر کاربند رہا جائے گا۔ الفالح نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا کہ پٹرولیم مارکیٹ کے استحکام کی سپورٹ کے لیے مملکت اپنی ذمّے داری پوری کرتی رہے گی۔
الفالح کا کہنا تھا کہ "ہم اوپیک، روس اور امریکا کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں اور آئندہ چند روز کے دوران اوپیک کے اندر اور باہر دیگر تیل پیدا کرنے والوں کے علاوہ مرکزی صارفین کے ساتھ رابطے میں رہیں گے تا کہ تیل کی منڈی کے استحکام کو یقینی بنایا جا سکے"۔