یمن: صعدہ کے جنوب مغرب میں لبنانی حزب اللہ کے 7 عسکری ماہرین قید
یمن میں سرکاری فوج نے صعدہ صوبے کے جنوب مغرب میں واقع ضلعے الملاحیط میں حوثی ملیشیا کے ایک اہم کمانڈر اور اس کے ساتھ لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے 7 عسکری ماہرین کے پکڑے جانے کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے تھرڈ بریگیڈ کے کمانڈر بریگڈیئر جنرل عبدالکریم السدعی نے اتوار کی شب بتایا کہ الملاحیط کے محاذ پر شدید لڑائی کے دوران حوثی کمانڈر اور حزب اللہ کے 7 ماہرین کو قید میں لیا گیا۔ انہوں نے باور کرایا کہ الملاحیط کے محاذ پر جبلِ روقی اور اس کے اطراف علاقوں میں ایک ہفتے سے معرکہ آرائی جاری ہے۔ اس دوران حوثی ملیشیا کے تقریبا 220 ارکان مارے جا چکے ہیں۔
دوسری جانب یمن آئینی حکومت کی سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ صعدہ کے محور پر کارروائیوں میں پیش رفت اور باغیوں کے بھاری جانی نقصان کا سلسلہ جاری ہے۔
عرب اتحاد کے مطابق مران کی گھاٹی میں 41 دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا اور ان کی گاڑیاں تباہ کر دی گئیں۔ مارے جانے والوں میں لبنانی ملیشیا حزب اللہ کا ایک کمانڈر اور 7 ارکان شامل ہیں۔