.

یمنی فوج کی صعدہ میں پیش قدمی ، باغیوں کی دراندازی کی کوششیں ناکام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کے صوبے صعدہ میں سرکاری فوج نے باقم ضلعے کے مختلف مقامات پر باغیوں کی جانب سے دراندازی کی تین کوششوں کا ناکام بنا دیا۔

سرحدی محافظین کے پانچویں بریگیڈ کے کمانڈر بریگڈیئر جنرل صالح قروش کے مطابق یمنی فوج کے ساتھ شدید جھڑپوں میں حوثی ملیشیا کے درجنوں ارکان ہلاک اور زخمی ہو گئے جب کہ بقیہ عناصر فرار ہو گئے۔ قروش نے بتایا کہ آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کے توپ خانوں نے باقم ضلعے میں باغی ملیشیا کے ایک مجمع کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں حوثیوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

دوسری جانب یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھ نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کا دورہ کیا اور وہاں یمن کی صورت حال پر بات چیت کی۔

مارٹن گریفتھ آج پیر کے روز عدن کا رخ کریں گے جہاں وہ یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی اور وزیراعظم احمد بن دغر سے ملاقات کریں گے۔

اقوام متحدہ کے ایلچی پہلے ہی یہ اعلان کر چکے ہیں کہ یمن کے سابقہ دورے کے دوران تمام فریقوں کی جانب سے ملنے والے پیغامات مثبت اور تعمیری تھے۔

گریفتھ الحدیدہ کے حوالے سے تصفیے کی پیش رفت کا جائزہ لینے اور یمنی بحران کے ایک جامع تصفیے کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔