سعودی عرب کا قومی دن، قاہرہ ٹاور نے بھی سبز رنگ کی چادر اوڑھ لی
سعودی عرب کے 88 ویں قومی دن کی مناسبت سے مملکت کے اندر اور باہر تقریبات منائی جا رہی ہیں۔ مختلف عرب ممالک میں بھی سعودی عرب کے قومی دن کو نمایاں کرنے اور سعودی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سرگرمیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ کویت ، متحدہ عرب امارات اور مصرمیں بھی سعودی عرب کےقومی دن کی جھلکیاں دیکھنے کو ملیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطاباق مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں واقع ’قاہرہ ٹاور‘کو بھی سعودی عرب کے قومی پرچم کے سبز رنگ کی مناسبت سے سبز رنگ میں مزین کردیا گیا۔ یہ اقدام سعودی عرب اور مصر کے باہمی تعلقات کی مضبوطی، دوستی اور دونوں قوموں کے ایک دوسرے کے لیے محبت اور والہانہ پن کی علامت ہے۔
’قاہرہ ٹاور‘ کو سبز رنگ سے مزین کرنے کے بعد اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی اور شہریوں کی طرف سے اس پر سعودی عرب کی حمایت میں تبصروں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ چل پڑا۔ شہری سعودی حکومت اور قوم کو 88 ویں قومی دن کی مبارک باد پیش کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ ‘قاہرہ ٹاور‘ کو مصر کے دارالحکومت کے اہم ترین سیاحتی مقامات اور لینڈ مارک کے طورپر دیکھا جاتا ہے۔ یہ ٹاور سنہ 1961ء میں دریائے نیل کے کنارے پر تعمیر کیا گیا۔ اس ٹاور کی اونچائی 187 میٹر ہے۔ اس کی چوٹی سے قاہرہ کے بیشتر حصے کی سیر کی جاسکتی ہے۔