.

یمن : حجّہ صوبے میں 3 روز کے اندر 2000 بارودی سرنگیں جمع

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمنی فوج کی پیش قدمی کے ساتھ اس کی انجینئرنگ ٹیم حوثی ملیشیا سے واپس لیے جانے والے علاقوں میں باغیوں کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگیں صاف کرنے میں مصروف ہے۔

حجّہ صوبے کے فِفتھ ملٹری زون میں یمنی فوج کی بڑی پیش قدمی سامنے آئی۔ اس کے بعد یمنی فوج نے صرف تین روز کے اندر حیران ضلعے میں 2000 سے زیادہ بارودی سرنگیں جمع کیں۔

یاد رہے کہ "عزم کی آندھی" اور اس کے بعد "امید کی واپسی" نامی عسکری آپریشنوں کے آغاز کے بعد سے یمنی فوج کی انجینئرنگ ٹیم لاکھوں بارودی سرنگیں ختم کرنے میں کامیاب ہوئی۔ ان میں صرف حجّہ صوبے میں ہی 20 ہزار کو ناکارہ بنایا گیا۔ یمن کے تمام صوبوں اور دیہات میں حوثی ملیشیا کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگوں کی تعداد دس لاکھ کے قریب ہے۔

حوثی باغیوں کو جس جگہ اور جس محاذ پر بھی آنے والی شکست کا احساس ہوتا ہے وہ وہاں پر فوری طور پر بارودی سرنگیں بچھا دیتی ہے تا کہ یمنی عوام کو زیادہ سے زیادہ جانی نقصان پہنچایا جا سکے۔

ادھر جنوبی صوبے الضالع میں دمت کے محاذ پر یمنی فوج کے ساتھ شدید جھڑپوں میں حوثی ملیشیا کے درجنوں ارکان ہلاک اور زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں باغی کمانڈروں سمیت کئی حوثیوں کو قیدی بھی بنا لیا گیا۔

یمنی فوج کئی روز سے اتحادی فوج کی معاونت سے دمت ضلعے میں حوثی ملیشیا کے ساتھ گھمسان کی معرکہ آرائی میں مصروف ہے۔ اس دوران وسیع پیمانے پر علاقوں اور ٹھکانوں کو آزاد کرا لیا گیا۔

دوسری جانب الحدیدہ میں زمینی ذرائع کے مطابق لڑائی کے مختلف محاذوں پر یمنی فوج کے ساتھ شدید لڑائی میں حوثی باغیوں کے درجنوں ارکان ہلاک اور زخمی ہو گئے۔ اس دوران یمنی فوج نے شہر کے شمالی داخلی راستے کی جانب پیش قدمی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔