.

ایران نے حزب اللہ کی میزائل صلاحیت میں اضافے کے لیے سرگرمیاں تیزکردیں:اسرائیلی فوج

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسرائیلی فوج نے ایران پر الزام عاید کیا ہے کہ اس نے لبنان میں حزب اللہ کی میزائل صلاحیتوں میں اضافے اور میزائلوں کی تیاری کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل جوناتھن کونریکس نے جمعرات کو صحافیوں سے بریفنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے انھیں جو کچھ کرتے ہوئے دیکھا ہے، وہ یہ کہ انھوں (ایرانیوں) نے رفتار تیز کردی ہے۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’’اس کا مطلب یہ ہے ، انھوں نے عمارتوں ، سہولتوں ، مقامات ، گفتگو ؤں اور تیاری کے لیے سہولتوں میں اضافہ کردیا ہے ۔اس کا مطلب یہ ہے کہ مزید افراد اور اہلکار اس کام میں شریک ہوگئے ہیں۔‘‘

اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان حالیہ دنوں میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور اسرائیل کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیاروں نے لبنان کی فضائی حدود کی متعدد مرتبہ خلاف ورزی کی ہے۔

لبنانی فوج نے بدھ کی رات ملک کے جنوب میں فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے تین اسرائیلی ڈرونز میں سے دو پر فائرنگ کی تھی اور انتباہی فائرنگ کے بعد یہ تینوں ڈرون اسرائیل کی فضائی حدود میں واپس چلے گئے تھے۔ لبنان کے ایک سکیورٹی ذریعے کی اطلاع کے مطابق لبنانی فوجیوں نے اعلیٰ قیادت کے حکم پر ایم 16 آتشیں رائفلوں سے اسرائیلی ڈرونز پر فائرنگ کی تھی۔