.

مقبولیت اور عوامی پذیرائی کے ریکارڈ قائم کرنے والے ریاض سیزن میں جنوری تک توسیع

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام گیارہ اکتوبر سے جاری رنگا رنگ ریاض سیزن کے تحت ہونے والے پروگراموں میں اگلے برس جنوری تک توسیع کر دی گئی ہے۔

انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے ٹویٹر پراعلان کیا کہ ایک ماہ کے دوران ریاض سیزن دیکھنے کے لیے آنے والوں کی تعداد 76 لاکھ 50 ہزار تک پہنچ گئی۔ پروگرام کے مطابق 11 اکتوبر 2019 کو شروع ہونے والا ریاض سیزن دسمبر کے وسط میں ختم ہونے والا تھا تاہم عوامی پذیرائی ملنے پر مملکت کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس میں 45 دن کا مزید اضافہ کردیا۔ اب یہ جنوری کے آخر تک جاری رہے گا۔

ریاض سیزن کے تحت میلے میں 12 مقامات پر 100 سے زائد پروگرام پیش کیے جا رہے ہیں جس میں آتش بازی، سرکس، موسیقی، سفاری پارک، تھیٹر اور دیگر بہت سی سرگرمیاں شامل ہیں۔ ان پروگراموں میں پاکستان سے عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان نے اپنی شاندار پرفارمنس سے پاکستانی اور بھارتی شائقین موسیقی کے دل جیت لیے۔

یاد رہے کہ ریاض سیزن میں 46 ہزار سعودیوں جز وقتی ملازمت کے مواقع ملے جبکہ سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین اور ریاض سیزن کے سربراہ ڈاکٹر ترکی آل الشیخ کے مطابق تفریحی شعبے میں 2030 تک ڈھائی لاکھ مستقل ملازمتوں کے مواقع حاصل ہوں گے۔