.

شام : کوبانی میں ترکی کے فضائی حملے میں ہلاکتیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شام میں عین العرب کے دیہی علاقے "کوبانی" میں ایک گاڑی پر ترکی کے فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم دو شہری ہلاک ہو گئے۔ یہ بات بدھ کے روز سیرین ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) کے میڈیا سینٹر کے ڈائریکٹر مصطفی بالی نے بتائی۔

بالی نے اپنی ٹویٹ میں زور دیا کہ ترکی کی جانب سے جارحیت روک دینے کی ضرورت ہے۔

اس سے قبل ایس ڈی ایف نے تصدیق کی تھی کہ فائر بندی کے اعلان کے بعد سے ترکی کی فورسز اور اس کے زیر انتظام شامی گروپ 60 دیہات پر قبضہ کر چکے ہیں۔ ایس ڈی ایف کے سرکاری ترجمان کینو کبرئیل کرُد میڈیا کو بتا چکے ہیں کہ ترکی کی فورسز اور اس کے ہمنوا عناصر ابھی تک تل تمر شہر کے اطراف دیہات پر شدید حملے کر رہے ہیں اور انہوں نے کسی لمحے بھی فائر بندی کے سمجھوتے کی پاسداری نہیں کی۔

گذشتہ ہفتے کے روز سیرین ڈیموکریٹک فورسز کے سربراہ مظلوم عبدی نے کہا تھا کہ ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن داعش کے چند قیدیوں کے ذریعے دنیا کو بلیک میل کر رہے ہیں۔ عبدی نے اپنی ٹویٹ میں بتایا تھا کہ ایس ڈی ایف کے پاس موجود دستاویزات سے تصدیق ہوتی ہے کہ ترکی شمالی شام میں اپنے حملوں میں داعش کے متعدد ارکان کو استعمال کر رہا ہے۔