ایرانی سپریم لیڈر کا مقرب عدلیہ میں اعلیٰ عہدے پر تعینات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

ایران کی سپریم جوڈیشل کونسل کے چیئرمین ابراہیم رئیسی نے اپنے معاون محمد جواد لاریجانی کو ملازمت سے برطرف کرنے کے بعد آیت اللہ علی خامنہ ای کے ایک قریبی شخص علی باقری کنی کو ان کی جگہ اپنا معاون مقرر کیا ہے۔

علی لاری جانی 15 سال تک سپریم عدالتی کونسل کے معاون رہے جب کہ ان کے بڑے بھائی صادق لاری جانی کو سپریم لیڈر نے جوڈیشل کونسل کی قیادت سے ہٹا کر گذشتہ برس مارچ میں مصالحتی کونسل کا چیئرمین مقرر کیا تھا۔ صادق لاریجانی 10 سال تک عدلیہ کے سربراہ رہے ہیں۔

Advertisement

مبصرین نے علی باقری کی تقرری کو ایرانی سپریم لیڈر کے نیٹ ورک اور اس کے قابل اعتماد دفتر کے عملے کی توسیع کی ایک نئی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے تمام اعلیٰ عہدوں پر سپریم لیڈر کے سخت گیر مقربین کو تعینات کیا جا رہا ہے۔

عدلیہ میں معاون کی حیثیت کے علاوہ باقری کنی کو ایرانی عدلیہ میں نام نہاد "ہیومن رائٹس کمیٹی" کا نیا چیئرمین بھی مقرر کیا گیا ہے۔ اس سے قبل یہ عہدہ علی لاریجانی کے ہاتھ میں تھا۔ ایران میں یہ نام نہاد انسانی حقوق کمیشن ملک میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی پردہ پوشی کا مرتکب قرار دیا جاتا ہے۔

ہیومن رائٹس کمیشن کا قیام 2005 میں عمل میں لایا گیا تھا۔ فی الحقیقت یہ کمیشن بین الاقوامی تنظیموں اور فورمز میں ملک میں انسانی حقوق کی کارکردگی کا دفاع کرنے کے لیے ذمہ دار ایک سفارتی ادارہ سمجھا جاتا ہے۔

ایک 54 سالہ سابق سفارت کارعلی باقری کنی محمود احمدی نژاد کے دور صدارت میں جوہری مذاکراتی ٹیم کے رکن اور سنہ 2013ء میں سعید جلیلی کی انتخابی مہم کے سربراہ رہ چکے ہیں۔

انہوں نے یورپی امور کے نائب وزیر خارجہ کی حیثیت سے بھی کچھ عرصہ خدمات انجام دیں۔ ایرانی سپریم لیڈر انہیں کم عمر "متقی نوجوان" اور "انقلابی منتظم" قرار دیتے ہیں۔ علی باقری کنی کا تعلق با اثر علماء کے ایک خاندان سے ہے۔ اس کے بھائی مصباح الہدیٰ سپریم لیڈر کے داماد ہیں۔

علی باقری کے والد محمد باقر باقری کنی ایرانی گارڈین کونسل کے سابق رکن رہ چکے ہیں جب کہ ان کے چچا آیت اللہ محمد رضا مھدی اس کونسل کے چیرمین کے عہدے پربھی تعینات رہے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں