.

64 ملین سعودی ریال اور 19 کلو گرام سونے کی سمگلنگ میں ملوث گروہ دھر لیا گیا

غیر قانونی کاروبار میں ملوث گروہ کے افراد کو مجموعی طور پر 64 برس قید کی سزا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے محکمہ استغاثہ نے بیرون مملکت سونا اور ریال سمگل کرنے والے ایک گروہ کو گرفتار کرکے سزا سنائی ہے۔ غیر قانونی طریقے سے رقم جمع کرکے ترسیل زر کررہا تھا۔

معاصر عزیز ’’عاجل‘‘ نیوز پورٹل کے مطابق پبلک پراسیکیوشن نے بیان میں بتایا کہ مجموعی طور پر 64 ملین 8 لاکھ 60 ہزار ریال اور 19 کلو گرام سونا سمگل کیا گیا ہے۔ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ متعلقہ گروہ منی لانڈرنگ اور رشوت کا لین دین کررہا تھا۔

گروہ کے افراد کو مجموعی طور پر 64 برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ گروہ میں شامل ایک شخص کے قبضے سے دس لاکھ 20 ہزار 690 ریال ضبط کرلیے گئے جبکہ سمگلنگ کی سرگرمیوں میں استعمال ہونے والی گاڑیاں بھی ضبط کی گئی ہیں۔

سمگلنگ میں ملوث مقامی شہریوں کو قید کی سزا کے مماثل مدت کے لیے بیرون ملک سفر سے روک دیا گیا جبکہ گروہ میں شریک غیرملکیوں کے بارے میں حکم دیا گیا ہے کہ قید کی مدت گزارنے کے بعد انہیں سعودی عرب سے بے دخل کردیا جائے۔

سعودی عرب کے متعلقہ حکام سمگل شدہ رقم اور سونے کی بازیابی کی کارروائی کر رہے ہیں۔

پبلک پراسیکیوشن نے ہدایت کی ہے کہ سمگلنگ، منی لانڈرنگ اور رشوت جیسے جرائم میں جو بھی ملوث ہوگا اسے عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا اور وطن عزیز کی کامیابیوں کو نقصان پہنچانے سے روکا جائے گا۔