.

اسرائیل کی کیٹزیوٹ اوررامون جیلوں میں قیدیوں اور محافظوں میں تصادم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسرائیل نے اسی ہفتے سخت سکیورٹی والی ایک جیل سے چھے فلسطینی قیدیوں کے سرنگ کے ذریعے پُراسرارفرار کے بعد جیلوں میں نئی کڑی پابندیاں عاید کردی ہیں جس پرقیدیوں اور جیل محافظوں میں کشیدگی کا ماحول پیدا ہوگیا ہے اوراسرائیل کے جنوب میں واقع دو جیلوں کیٹزیوٹ اور رامون میں قیدیوں اور محافظوں کے درمیان بدھ کو جھڑپوں کی اطلاعات ملی ہیں۔

العربیہ کے ذرائع کے مطابق اسرائیل کی ایلیٹ فورسز کا ایک یونٹ کیٹزیوٹ جیل میں جاری فسادات پر قابو پانے کے لیے جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

چھے فلسطینی قیدی گذشتہ پیرکو شمالی اسرائیل میں واقع گلبوا جیل کی ایک کوٹھڑی میں سنک کے نیچے کھودی گئی سرنگ کے ذریعے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

اسرائیل نے اس واقعہ کے بعد مغربی کنارے میں ان میں سے بعض قیدیوں کے آبائی شہرجنین کی جانب جانے والی شاہراہوں پرچیک پوائنٹس بنا دیے ہیں اور ایک فوجی مشن کوتعینات کیا ہے۔اس کے علاوہ اسرائیل کے نگرانی کے ڈرونز بھی فضا میں اڑتے دکھائی دیے ہیں۔

گلبوا جیل سے فلسطینی قیدیوں کے فرار کے بعد اب عفر جیل میں فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد (پی آئی جے) سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کوملک کی دوسری جیلوں میں منتقل کیا جانا تھا۔

مگر یروشلم پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق جیل کے اندر سے پرتشدد مزاحمت کے خدشات کےپیش نظر یہ فلسطینی قیدی ابھی تک اپنی جگہ پر موجود ہیں اور انھیں کسی اور جیل میں منتقل نہیں کیا جاسکا ہے۔