عراق اور کاظمی

عراق کی نئی پارلیمان کا پہلا ہنگامہ خیزاجلاس، محمد الحلبوسی اسپیکرمنتخب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

عراق کی نئی پارلیمان کا اتوار کوعام انتخابات کے قریباً تین ماہ کے بعد پہلا اجلاس منعقد ہوا ہے۔اس میں بھگدڑ اور افراتفری کا ماحول تھا اوراس دوران میں محمدالحلبوسی پہلے مرحلے کی ووٹنگ ہی میں پارلیمان کے اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں۔

محمدالحلبوسی اور محمود المشہدانی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کے لیے پارلیمان کے 228 اراکین نے رائے شماری میں حصہ لیا۔ایوان نمائندگان (پارلیمان) کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ الحلبوسی کو ان کے حریف مشہدانی کے14 کے مقابلے میں 200 ووٹ ملے ہیں جبکہ 14 ووٹ مسترد کردیے گئے ہیں۔

بائیں جانب محمد الحبلوسی پارلیمنٹ کے اجلاس میں
بائیں جانب محمد الحبلوسی پارلیمنٹ کے اجلاس میں

اس افتتاحی اجلاس کی صدارت مشہدانی کی اچانک صحت بگڑنے کے بعد سب سے عمررسیدہ رکن پارلیمان خالد الدراجی نے کی۔انھوں نے افراتفری اور بھگدڑ کے بعد اجلاس عارضی طورپرملتوی کردیا تھا۔بعض میڈیا اطلاعات کے مطابق محمود مشہدانی پر بعض ارکان نے مبیّنہ طور پرحملہ کیا تھا جس سے ان کی حالت بگڑی تھی۔

اب پارلیمان نئے وزیراعظم کا انتخاب کرے گی۔سب سے بڑے بلاک کے رہنما کی حیثیت سے شیعہ مذہبی پیشوا مقتدیٰ الصدرکو نئے وزیراعظم کے انتخاب میں برتری حاصل ہے لیکن انھیں حریف شیعہ گروہوں کے ساتھ کشیدگی کا انتظام کرنا ہوگا جو انتخابی نتائج کو مسترد کرنے کے بعد اب حکومت سازی کے عمل میں اپنی بات منوانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

عراق کے سب سے بااثر سیاسی رہنماؤں میں سے ایک مقتدیٰ الصدر10 اکتوبر کو منعقدہ انتخابات میں سب سے بڑے فاتح رہے تھے۔انھوں نے پارلیمان کی 329 نشستوں میں سے 73 نشستیں حاصل کی تھیں۔

ان کے حریف ایران کے حامی دھڑے اپنی دو تہائی نشستوں سے محروم ہو گئے تھے اور یہ ان کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔ مسلح گروہوں کے حامیوں نے دو ماہ سے زیادہ عرصے تک بغداد کے گرین زون کے ارد گرد خیمے لگائے اور دھرنا دیا تھا۔نھوں نے عراق کی اعلیٰ عدالت میں انتخابی نتائج کے خلاف اپیل بھی دائرکی تھی۔

لیکن عراق کی عدالتِ عظمیٰ نے ایران کے حمایت یافتہ دھڑوں کی جانب سے دائر کردہ اس اپیل کو مسترد کردیا تھا اور گذشتہ ماہ کے آخر میں انتخابی نتائج کی توثیق کرتے ہوئے حکومت کی تشکیل کا راستہ صاف کردیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں