کویتی حکام نے ایک مصری انجینیر کو اپنے ذاتی سامان میں بم کی موجودگی کی جھوٹی اطلاع دینے پر انتظامی طور پر اسے اپنے ملک ڈی پورٹ کر دیا۔ اس نے اپنے سامان میں موجود بم کے حوالے سے حکام سے جھوٹ بولا اور مذاق کیا تھا۔
کویتی اخبار ’القبس‘ نے منگل کو کہا کہ "ایک مصری انجینیر کو کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے الجلیب پولیس سٹیشن منتقل کر دیا گیا تھا کیونکہ اس نے سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مذاق کیا اور جھوٹ بولا تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ اس کے سامان میں بم ہے جس پر سامان کی تلاشی لی گئی مگر ایسا کچھ نہیں نکلا۔
انہوں نے بتایا کہ وزارت داخلہ کے انڈر سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل انور البرجس کو ایک درخواست جمع کرائی گئی تھی، جس میں مصری انجینیر کو انتظامی طور پر ملک بدر کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ یہ کارروائی اس بنیاد پرکی گئی کہ اس نے ہوائی اڈے کے سکیورٹی اہلکاروں کو چیکنگ پوائنٹ پر مذاق میں کہا تھا کہ اس کے سامان میں بم موجود ہے۔
ایک سکیورٹی ذرائع نے اخبار کو بتایا کہ "ایئرپورٹ سکیورٹی ایک سرخ لکیر ہے اور اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ یا مذاق کرنا مناسب نہیں ہے"۔ ذرائع نےبتایا کہ "مصری انجینیر کی جانب سے اپنے ذاتی سامان میں بم کی موجودگی کی اطلاع کے بعد اس کے بیگ کی بغور تلاشی لی گئی تاہم وہاں سے ایسا کچھ نہیں ملا۔"
ذرائع نے مزید کہا کہ "مصری انجینیر نے اعتراف کیا کہ وہ سکیورٹی والوں کے ساتھ مذاق کر رہا تھا جس کے بعد اسے انتظامی طور پر ملک سے ڈی پورٹ کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔