اسرائیل نے غزہ میں کم سے کم 11 صحافیوں کو قتل کر دیا: فلسطینی میڈیا سنڈیکیٹ
فلسطینی صحافیوں کی انجمن نے پیر کو بتایا کہ اسرائیل نے غزہ میں سات اکتوبر سے ہونے والے فضائی حملوں میں 11 فلسطینی صحافیوں کو شہید کر دیا ہے۔
فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 2,750 فلسطینی ہلاک اور 9,700 دیگر زخمی ہوئے ہیں جبکہ اسرائیل زمینی حملہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
العربیہ کے نمائندے کے مطابق اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر بمباری کچھ دیر کے لیے روکنے کے بعد دوبارہ شروع کر دی کیونکہ ذرائع نے بتایا کہ محصور شہر میں داخل ہونے والی رفح سرحدی گذرگاہ دوبارہ کھول دی گئی۔
تاہم اسرائیل نے ان اطلاعات کی تردید کی کہ گذرگاہ دوبارہ کھول دی گئی اور اقوامِ متحدہ اور مصر کے ساتھ انسانی امداد کی فراہمی اور پٹی سے غیر ملکیوں کے انخلاء کی اجازت دینے کے لیے جنگ بندی جاری تھی۔ ہمسایہ ملک مصر کے سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ ایسا معاہدہ نافذ کیا جانا تھا جس کے آدھے گھنٹے بعد ہی اسرائیل نے یہ بیان دیا۔
غزہ کے باشندے خوراک اور پانی کی گھٹتی ہوئی فراہمی کو برقرار رکھنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جبکہ ہسپتالوں نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں کی جانب سے محلوں پر یکے بعد دیگرے بمباری سے وہ تباہی کے دہانے پر ہیں۔