سعودی عرب کے شمالی پہاڑی علاقے علقان اور اس کے اطراف کی وادیوں کو قدرت کی کاری گری اور صناعی کی بہ دولت سیاحوں کے لیے ایک پرکشش مقام سمجھا جاتا ہے۔
حال ہی میں سعودی عرب کے ایک فوٹو گرافر نے کوہ علقان، وادی المکون اور دوسرے علاقوں کی سیر و تفریح کے دوران ان کے دلکش مناظر کی فوٹو گرافی بھی کی۔ ان مناظر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی اورانہیں پسند کیا گیا۔
سعودی فوٹو گرافر فہد الطرفاوی نے وادی المکون، کوہ علقان اور وادی ثرف میں دلکش مناظر کی عکس بندی کی۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے الطرفاوی نے کہا: یہ سائٹ تبوک شہر سے ڈیڑھ گھنٹے کی دوری پر ہے۔ میں دوستوں کےہمراہ اس علاقے میں گیا اور میں نے اس کے چند مقامات کی عکس بندی کی۔ یہ علاقہ اپنے قدرتی حسن کی بہ دولت بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے اور اس کے نظارے دل کو چھو لینے والے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس علاقے کو خاص طور پر سردیوں کے دوران سب سے بڑی کشش سمجھا جاتا ہے۔ اسے "برف کا شہر" بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہ اپنے تمام حصوں کو ایک خوبصورت منظر میں ڈھانپتا ہے، جو دیکھنے والوں اور سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔
الطرفاوی نے مزید کہا کہ "اس جگہ پر موجود چٹانوں کی شکلیں قدیم زمانے کے آرٹ کے مجسموں کی مانند ہیں اور ان چٹانوں کوپرکشش سمجھا جاتا ہے۔