اب تک حماس کے 8000 جنگجو مار دئیے: اسرائیل، مزید چھ اسرائیلی فوجی ہلاک کئے: القسام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
6 منٹس read

رائٹرز نے اسرائیلی فوج کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس کی افواج نے جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک غزہ میں تقریباً 8000 فلسطینی جنگجوؤں کو ہلاک کیا ہے۔ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے رپورٹ کیا ہے کہ اس نے غزہ کی پٹی میں 6 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک اور دیگر کو نشانہ بنایا ہے۔

چند روز بعد غزہ میں جنگ تیسرے مہینے میں داخل ہو جائے گی۔ اتوار کو اسرائیلی فوج اور مسلح فلسطینی گروپوں کے درمیان کشیدگی اور لڑائی 79 ویں دن بھی جاری رہی۔

اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسیف) نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں بھوک سے موت کا خطرہ ’’حقیقی‘‘ ہو گیا ہے۔ "ایکس" پلیٹ فارم پر اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے یونیسیف نے غزہ میں انسانی امداد کی تیز، محفوظ اور بلا روک ٹوک آمد کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کی پٹی میں بچوں اور خاندانوں کو موسم کے تھپیڑوں اور زمین سے محرومی کا سامنا ہے۔ اس حوالے سے اب صورت حال مزید بدترین ہونے کا امکان ہے۔

اتوار کو حماس نے ایک بیان جاری کیا جس میں اس نے ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سے اپنے مطالبے کی تجدید کی کہ وہ غزہ سے اغوا کیے گئے اور حراست میں لیے گئے سیکڑوں فلسطینیوں کے بارے میں کارروائی کرے۔ حماس نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ رہا ہونے والے فلسطینیوں کی شہادتوں کی بنا پر مجاز بین الاقوامی عدالتوں میں پیش کرنے کی تیاری کریں اور اسرائیلی رہنماؤں کو جوابدہ ٹھہرائیں۔

غزہ کی گلیوں میں لڑائی شدت اختیار کر رہی ہے اور منہدم عمارتوں کا ملبہ پڑا ہوا ہے۔ جلی ہوئی لاشیں نظر آرہی ہیں۔ سول ڈیفنس کے جوان غزہ کی گلیوں میں نعشوں کو اٹھا رہے ہیں اور دوسری جگہ منتقل کر رہے ہیں۔

یہ مناظر فلسطینی شہری دفاع کی جانب سے شائع کردہ فوٹیج میں دکھائے گئے ہیں جس میں ایک کارکن کو ملبے کے نیچے سے بظاہر جلی ہوئی لاش نکالنے کی کوشش میں اپنے ہاتھ سے کھدائی کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ جنوب میں خان یونس کے فلسطینیوں کو حالیہ فضائی حملے کے بعد ملبے میں سے اپنے سامان کی تلاش کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

غزہ میں وزارت صحت نے اتوار کو بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی میں کم از کم 166 فلسطینی ہلاک اور 384 زخمی ہوگئے۔ سات اکتوبر سے شروع جنگ کے 79 دنوں میں فلسطینی شہدا کی تعداد 20424 ہوگئی ہے۔ زخمیوں کی تعداد 54036 ہے۔ دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد غزہ کی پٹی میں لگ بھگ 23 لاکھ افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

تازہ ترین میدانی پیش رفت کے حوالے سے اسرائیلی براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے کہا کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں ایک اتھارٹی قائم کرنا چاہتا ہے جو بین الاقوامی تنظیموں کے تعاون سے پٹی کے رہائشیوں کو امداد کا انتظام اور تقسیم کرے گا۔

اسرائیلی براڈ کاسٹنگ کارپوریشن نے مزید کہا ہے کہ یہ ماڈل اس حقیقت کی بدولت ممکن ہو گا کہ اسرائیلی فوج نے علاقے پر تقریباً مکمل کنٹرول کر لیا ہے۔ اب وہاں حماس کا کوئی وجود نہیں ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اپنی ایک بات چیت میں کہا ہے کہ وہ فوج کی جانب سے حاصل ہونے والی پیش رفت کی شرح سے مطمئن ہیں۔ یہ صورت حال معاملات کو منظم کرنے کا امکان پیدا کر رہی ہے۔

تحریک اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ نے اتوار کو اعلان کیا کہ اس کے جنگجوؤں نے خان یونس کے مشرق میں واقع الزلال مسجد کے آس پاس میں اسرائیلی فوجی ہجوم پر میزائلوں اور مارٹر گولوں سے بمباری کی۔ حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈز نے اعلان کیا کہ اس کے جنگجوؤں نے غزہ کے شمال میں جبالیا کے علاقے کے مضافات میں دو اسرائیلی ٹینکوں کو نشانہ بنایا ہے۔

اسرائیلی فوج نے اتوار کو بتایا کہ غزہ کی پٹی میں اس کے 9 فوجی مارے گئے ہیں۔ 20 اکتوبر کو پٹی پر اسرائیلی زمینی حملے کے بعد سے وہاں جنگی کارروائیوں میں ہلاکتوں کی تعداد 152 ہو گئی۔

جنگ شروع ہونے کے تقریباً 3 ماہ بعد حماس نے درجنوں فلسطینیوں کی لاشوں کی دریافت کا اعلان کیا ہے۔ حماس نے کہا کہ ان میں سے متعدد کو شمالی غزہ کی پٹی میں جبالیا میں اسرائیلی زمینی کارروائی کے دوران "پھانسی" دی گئی تھی۔ .

ہفتے کے روز امریکی صدر بائیڈن نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے ساتھ ایک "طویل" فون کال کی جس میں انہوں نے شہریوں کی حفاظت پر زور دیا۔ وزیراعظم نیتن یاھو نے واضح کیا کہ اسرائیل اپنے تمام اہداف حاصل کرنے تک جنگ جاری رکھے گا۔

غزہ کی پٹی میں وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے الزام لگایا کہ اسرائیلی افواج نے اس ہفتے کئی "گھناؤنے قتل عام" کا ارتکاب کیا ہے۔ اس سے جبالیا شہر، جبالیا کیمپ اور تل الزھر کے علاقے میں درجنوں افراد شہید ہوگئے۔

اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس کے حملے فوجی اہداف کے خلاف ہیں جو بین الاقوامی قانون کی دفعات کے مطابق ہیں۔ یہ حملے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیے گئے ہیں۔ شمالی غزہ کی پٹی کے بیت لاھیا میں سول ڈیفنس نے اعلان کیا کہ گلیوں سے درجنوں بوسیدہ لاشیں برآمد ہوئیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں