مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع جنین پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی جنگی طیاروں نے اتوار کی صبح بمباری کر کے چار بھائیوں سمیت چھ فلسطینیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ مغربی کنارے میں یہ بمباری امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن کے دورہ اسرائیل اور مغربی کنارے آنے کے تناظر میں اہم واقعہ ہے۔
بلینکن تقریباً ایک ہفتے کے مشرق وسطیٰ کا آغاز کر چکے ہیں۔ وہ پہلے مرحلے پر ایک روز قبل ترکیہ اور گئے تھے جہاں ان کی طیب ایردوآن اور ترک وزیر خارجہ سے ملاقاتیں ہوئی تھیں۔ بعد ازاں انہوں نے یونان سے ہوتے ہوئے اسرائیل اور باقی ملکوں میں پہنچنا تھا۔
اتوار کے روز مغربی کنارے میں قائم پناہ گزین کیمپ جنین میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے لوگوں کےایک اکٹھ کو نشانہ بنایا ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مختصر بیان کے مطابق چھ ہلاک ہونے والے فلسطینیوں میں چار سگے بھائی بھی شامل ہیں۔ جبکہ کئی افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
اس سے پہلے مغربی کنارے میں سات اکتوبر 2023 کے بعد سے اب تک تین سو سے زائد فلسطینیوں کو اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں نے مختلف کارروائیوں میں ہلاک کر دیا ہے۔ کئی بار بمباری بھی کی جاچکی ہے۔ دوسری جانب غزہ میں فلسطینیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 22722 سے متجاوز ہو چکی ہے۔
مغربی کنارے کے حوالے سے مغربی ممالک اور امریکہ کو تشویش ہے کہ اس میں حالات خراب ہوئے تو غزہ کی جنگ کا پھیلاؤ خطرناک ہو سکتا ہے۔ تاہم اسرائیل کو ان کارروائیوں کو محض بیانات سے روکنا غیر ممکن ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ایک جانب امریکی وزیر خارجہ اسرائیل اور مغربی کے دورے پر پہنچ رہے ہیں اور دوسری جانب اسرائیل نے مغربی کنارے میں بمباری کر کے فلسطینیوں کا خون بہانے کے لیے اپنی روایتی دیدہ دلیری دکھادی ہے۔