فلسطین کی تحریک حماس نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں غزہ میں یرغمال بنائے گئے تین اسرائیلیوں کو دکھاتے ہوئے انہوں نے اپنی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی گروپ کے خلاف جارحیت بند کرے اور ان کی رہائی عمل میں لائے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق 26 سالہ نوا ارگمانی، 53 سالہ یوسی سحارابی، 28 سالہ اتائی سویرسکی کی 37 سیکنڈز کی ویڈیو اس کیپشن کے ساتھ ختم ہوئی: ’کل ہم آپ کو ان کی قسمت سے آگاہ کریں گے۔‘
حماس نے اسرائیلی فورسز کی غزہ پر گولہ باری کے بعد اتوار کو کہا تھا کہ اس کا کچھ یرغمالیوں سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے اور اُن کے ہلاک ہونے کا امکان ہے۔
گروپ کے مسلح ونگ کے ترجمان ابو عبیدہ نے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ’حالیہ ہفتوں میں دشمن کے بہت سے یرغمالیوں اور قیدیوں کی قسمت کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس بات کا قوی امکان ہے کہ ان میں سے بہت سے لوگ حال ہی میں مارے گئے ہیں، باقی ہر گھنٹے بڑے خطرے میں ہیں اور اس کی پوری ذمہ داری دشمن کی قیادت اور فوج پر عائد ہوتی ہے۔‘
BREAKING: MAJOR NEW HAMAS VIDEO ABOUT ISRAELI HOSTAGES
— Sulaiman Ahmed (@ShaykhSulaiman) January 14, 2024
“Wait for us .. tomorrow we will tell you their fate.
Your government is lying.” pic.twitter.com/9UC7P6BUdX
جنگ کے آغاز میں حماس نے اسرائیلی فوجی حملوں کے جواب میں یرغمالیوں کو پھانسی دینے کی دھمکی بھی دی تھی۔
اسرائیلی حکام نے یرغمالیوں کے حوالے سے حماس کے پیغامات کا جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے اسے ’نفسیاتی جنگ‘ قرار دیا ہے۔ اسرائیل نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ اپنے حملے سے یرغمالیوں کو لاحق خطرات سے آگاہ ہے اور احتیاطی تدابیر اختیار کر رہا ہے۔
چیف مسلح افواج کے ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہاگری نے اتوار کو کہا کہ ’فوجی آپریشن میں وقت لگتا ہے اور ہم اسے خطرات اور یرغمالیوں کے مطابق ڈھال رہے ہیں۔‘
سات اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد یرغمال بنائے گئے 240 افراد میں سے نصف کو گذشتہ سال نومبر کی جنگ بندی کے دوران رہا کر دیا گیا تھا۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ غزہ میں 132 یرغمالی باقی ہیں اور ان میں سے 25 ہلاک ہو چکے ہیں۔
کچھ یرغمالیوں کے رشتہ داروں نے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو سے ایک اور جنگ بندی یا جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے حماس کے تباہ ہونے تک لڑنے کا اعلان کیا ہے جس سے اُن کے بقول یرغمالیوں کی رہائی ممکن ہو گی۔