مکہ کے 1,150 ہوٹل استقبال رمضان کے لیے تیار، مرکزی علاقہ توجہ کا مرکز
ان دنوں مکہ مکرمہ کے ہوٹلوں میں سعودی عرب کے اندر اور باہرسے آنے والے زائرین اور معمترین کو خدمات فراہم کرنے کےلیے مقابلہ ہے کیونکہ زائرین ماہ صیام میں مسجد حرام اور بیت اللہ کے زیادہ قریب رہنے کے خواہاں ہیں جب کہ ہوٹل بھی زائرین کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
قومی کمیٹی برائے حج ،عمرہ اور زیارت کے رکن محمد بن یحییٰ السمیح نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ مکہ میں 1,150 سے زیادہ ہوٹل ہیں، جن میں 260,000 سے زیادہ رہائشی کمرے ہیں۔ انہیں اعلیٰ بین الاقوامی معیارات کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکہ معظمہ کے مرکزی علاقے بالخصوص بیت اللہ کے قریب واقع کالونیوں العزیزیہ، الششہ، المسفلہ اور الجمیزہ محبس الجن، الروضہ اور بطحاء قریش کالونیوں کے ہوٹلوں میں بکنگ کو ترجیح دی جاتی ہے۔
130 کمپنیاں اور عمرہ ادارے
السمیح نے نشاندہی کی کہ 130 سے زائد عمرہ کمپنیاں اور ادارے موجودہ عمرہ سیزن کے دوران ضیوف الرحمان کو ہرممکن خدمات فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، جس میں حجاج کرام کا استقبال، ایئرپورٹ اور ہوٹلوں سے ان کا خیر مقدم، اور مسجد حرام میں ان کی داخلے کی نگرانی اور مناسک اور عبادت کے دوران انہیں ہرممکن سکون اور سہولت فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عمرہ کمپنیاں اور ادارے ضیوف الرحمان کو ان کی آمد سے لے کر عمرہ کی رسومات ادا کرنے کے بعد اپنے وطن روانہ ہونے تک بہترین خدمات فراہم کرتے ہیں۔