اردن کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی پٹی کے لیے امدادی سامان لے کر جانے والے 3 فوجی ٹرکوں کے الٹ جانے کے نتیجے میں دو فوجی اہل کار موت کا شکار ہو گئے۔
مسلح افواج کی جنرل کمان کے ایک عسکری ذمے دار کے مطابق حادثہ اتوار کی دوپہر بحر مردار کے راستے پر عدسیہ کے نزدیک پیش آیا۔ یہ تینوں ٹرک غزہ پٹی کے لیے انسانی امداد کے قافلے میں شامل تھے۔
مرنے والوں کے نام سارجنٹ عماد عطا عارف العرام اور پرائیوٹ سیکنڈ کلاس سولجر يحيىٰ عثمان الصياح ہیں۔ حادثے میں دو فوجی زخمی بھی ہوئے جن کی حالت اطمینان بخش ہے۔
مذکورہ امدادی قافلہ عالمی غذائی پروگرام(WFP) اور دیگر کئی تنظیموں اور کمپنیوں کے تعاون سے بھیجا گیا۔ قافلے میں امدادی سامان کے 70 ٹرک شامل ہیں۔ سامان میں بنیادی غذائی اشیا ، طبی لوازمات اور دوائیں شامل ہیں۔ یہ سامان غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
اردن میں Jordan Hashemite Charity Organization کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر حسین الشبلی کے مطابق غزہ کی پٹی میں انسانی امداد داخل کرنے کے لیے اردن کی کوششیں جاری ہیں۔ الشبلی نے بتایا کہ اب تک زمینی راستے سے غزہ کی پٹی میں داخل ہونے والے امدادی ٹرکوں کی مجموعی تعداد 2110 ہو چکی ہے جب کہ العریش کے ذریعے 53 طیارے بھی پہنچے ہیں۔