حماس، عسکریت پسندوں نے یونیسیف کے امدادی قافلے پر راکٹ داغ دیا:اسرائیلی فوجی ترجمان
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس کے عسکریت پسند ونگ نے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے انسانی بنیادوں پر امداد لانے والے قافلے پر راکٹ فائر کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کا یہ دعویٰ منگل کے روز سامنے آیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق وہ اس امدادی قافلے کے لیے یونیسیف کے ساتھ رابطے میں تھی۔ تاکہ شمالی غزہ کے بچوں کو جنوبی غزہ میں ان کے والدین اور خاندانوں سے ملایا جا سکے۔
تاہم اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں یہ نہیں بتایا ہے کہ شمالی غزہ کے رہنے والے بچوں کے والدین جنوبی غزہ میں کیا کرتے ہیں اور وہ اپنے بچوں سے اس قدر دور کیوں ہیں کہ اسرائیلی فوج کو بچوں کی ہمدردی کے تحت یونیسیف کے ساتھ مل کر کام کرنا پڑا ہے۔
اسرائیلی فوج کی رابطہ کاری کے نتیجے میں ہونے والی اس سرگرمی کے دوران عسکری ونگ القسام نے قافلے پر ایک راکٹ فائر کیا۔ فوج کے مطابق یہ قافلہ اس راستے سے جارہا تھا جسے انسانی بنیادوں پر کی جانے والے سرگرمیوں کے لیے مختص کیا گیا ہے اور اسرائیلی فوج ہی اس راستے کی حفاظت کا اہتمام کرتی ہے۔
اسرائیلی فوج نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ القسام کے اس حملے کے باوجود کوئی امدادی کارکن یا اسرائیلی فوجی زخمی نہیں ہوا ہے۔
واضح رہے ایسے کئی واقعات ہو چکے ہیں جب امدادی قافلوں پوں پر فائرنگ کی گئی یا ڈرون حملے کر کے امدادی کارکنوں کو نشانہ بنایا گیا۔ امریکی ادارے ورلڈ سینٹرل کچن کے امدادی ٹیم اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ہلاکت ایک حالیہ واقعہ ہے۔