متحدہ عرب امارات کا چوری کی وارداتوں میں اضافے کے بعد یورپ جانے والے شہریوں کو انتباہ
اماراتی مسافروں کے لیے سفری سفارشات پر مبنی فہرست جاری
متحدہ عرب امارات نے متعدد یورپی ممالک کے سفر کے لیے اپنے شہریوں کو انتباہ جاری کیا ہے۔ اماراتیوں کی طرف سے دورانِ سفر چوری کے واقعات کی اطلاعات میں اضافے کے بعد یہ انتباہ جاری ہوا ہے۔
"سپین کی مملکت، جمہوریہ جارجیا، اطالوی جمہوریہ، برطانیہ، فرانسیسی جمہوریہ اور جمہوریہ آسٹریا میں متحدہ عرب امارات کے شہریوں کو بڑی تعداد میں چوری کے واقعات کا سامنا ہوا جس کے بعد ملک کی وزارتِ خارجہ نے مسافروں کے "محتاط اور چوکس رہنے" پر زور دیا ہے۔
ایکس پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں وزارت نے سفارشات کی ایک فہرست کا اشتراک کیا جن پر شہری لوٹ مار سے بچنے کے لیے عمل کر سکتے ہیں۔
فہرست میں شامل سفارشات ہیں: قیمتی یا نایاب اشیاء پہننے سے گریز کریں؛ دفتری دستاویزات کو اپنی رہائش گاہ پر محفوظ رکھیں؛ فریب اور دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے گاڑیوں اور ہوٹل کی بکنگ معروف عالمی کمپنیوں کے ذریعے کریں؛ ہر منزل کے لیے مخصوص سفری رہنما خطوط پر عمل کریں جو وزارت کی ویب سائٹ پر متحدہ عرب امارات کے ٹریولر پیج اور سمارٹ ایپ پر باقاعدگی سے اپ ڈیٹ ہوتے ہیں۔ "تواجدی" سروس کے لیے رجسٹر کریں اور متحدہ عرب امارات کے شہریوں کے لیے ہنگامی رابطہ نمبر 0097180024 محفوظ کریں۔
بکنگ ڈاٹ کام کے اعداد و شمار کے مطابق موسمِ گرما میں سکول بند ہونے اور ملک میں درجۂ حرارت میں اضافے کے ساتھ اماراتی خاندان گرمی سے بچنے کے لیے مختلف براعظموں کا رخ کر رہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات ان ممالک میں سرِفہرست ہے جہاں مختلف براعظموں کا سفر کرنے والے خاندانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے، یہ بات معروف ڈیجیٹل ٹریول کمپنی نے اپنی رپورٹ میں کہی جس کا عنوان تھا: بکنگ ڈاٹ کام کا موسمِ گرما 2024 میں خاندانوں کے سفری رجحانات کا انکشاف۔