خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود کی سرپرستی میں شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے زیراہتمام 24 سے 25 نومبر 2024 تک جڑواں بچوں کے لیے سعودی پروگرام کے آغاز کی 30 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ کانفرنس میں متعدد ممالک کے وزراء، رہ نما اور بین الاقوامی سطح پر جڑواں بچوں کو الگ کرنے میں مہارت رکھنے والے ماہرین شرکریں گے۔
یہ کانفرنس جڑواں بچوں کے عالمی دن کے موقع پر منعقد کی جائے گی، جسے حال ہی میں اقوام متحدہ نے سعودی اقدام کے ساتھ اپنایا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کی منفرد کانفرنس ہوگی جو دنیا میں پہلی بار ہو رہی ہے۔ چونکہ اس کا تعلق جڑواں بچوں کے معاملات سے ہے، اس لیے سعودی عرب میں اسے خصوصی اہمیت دی جائے گی۔
اس میدان میں سعودی عرب کا خاص تجربہ ہے، کیونکہ سنہ 1990ء سے جڑواں بچوں کے علاج کے لیے مملکت میں ایک پروگرام جاری ہے۔ اس کی کامیابیاں 34 سال کے عرصے میں جاری رہیں، جس کے دوران جڑواں بچوں کی علیحدگی کے 61 کامیاب آپریشن کیے گئے جب کہ 26 ممالک سے 139 کیسز کا طبی جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس کی سرگرمیوں میں وزارتی سیشنز، خصوصی علمی وتحقیقی سیشنز، انسانی ہمدردی کے سیشنز، سائڈ ایونٹس، ڈسکشن ورکشاپس اور دنیا میں خصوصی ضروریات والے بچوں اور ان بچوں کے انسانی پہلوؤں سے متعلق نمائشیں منعقد کی جائیں گی۔
کانفرنس کے موقع پراقوام متحدہ اور دنیا بھر کے بچوں سے متعلق بین الاقوامی تنظیموں کے درمیان متعدد معاہدوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔
یہ کانفرنس ایسی سفارشات جاری کرے گی جو طبی اور انسان دوست لائبریریوں کو تقویت بخشیں گی اور ماہرین اور جڑواں بچوں کو الگ کرنے اور انسانی ہمدردی کے شعبے میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے یہ لائبریریاں ایک ’ریفرنس‘ کے طور پر کام کریں گی۔