یمن میں مائن کلیریئنس پروگرام ’مسام‘ کی مدت میں ایک سال کی توسیع
شاہ سلمان ریلیف سینٹر کی طرف سے پروجیکٹ کے لیے مزید 35 ملین ڈالر کی امداد
شاہ سلمان ریلیف سینٹرنے یمن میں بارودی سرنگوں کو ختم کرنے کے پروگرام "مسام" کی مُدت میں مزید ایک سال کی توسیع کرتے ہوئے اس کے لیے 3 کروڑ59 لاکھ98 ہزار 500 ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس منصوبے کو سعودی کیڈرز اور بین الاقوامی ماہرین نے یمنی ٹیموں کے ذریعے عملی جامہ پہنایا ہے جو یمنی سرزمین میں تصادفی طور پر بچھائی گئی تمام شکلوں کی بارودی سرنگوں کو ہٹانے کے لیے تربیت یافتہ ہیں۔ اس منصوبے کا مقصد یمنی عوام کو بارودی سرنگوں کے خطرات سےبچانے اور معصوم لوگوں کی زندگیوں کو براہ راست لاحق خطرات کو ختم کرنا ہے۔
ان بارودی سرنگوں کے پھیلاؤ سے پیدا ہونے والے خطرات کے بارے میں یہ منصوبہ تربیت اور یمنی صلاحیت سازی کی سرگرمیوں پر بھی کام کرتا ہے۔
مرکز کے جنرل سپروائزر ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے وضاحت کی کہ عمل درآمد کرنے والے پارٹنر کے ساتھ معاہدے کی تجدید اس اہمیت کے پیش نظر کی گئی ہے کہ یہ مخصوص منصوبہ یمنی زمینوں کو بارودی سرنگوں سے صاف کرنے کے عمل کو مکمل کرنے میں مدد کر رہا ہے۔ اس منصوبے نے اب تک 450,919 بارودی سرنگیں اور مختلف دھماکہ خیز مواد کو تلف کیا ہے۔
مسام پراجیکٹ کے ڈائریکٹرجنرل انجینیر اسامہ القصیبی نے کہا کہ یہ منصوبہ گذشتہ چھ سالوں میں یمنی سرزمین پر اپنی انسانی بنیادوں پر کارروائیوں کو نافذ کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ وہ اپنے تمام فیلڈ آپریشنز میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے۔
"مسام" پروجیکٹ کے ڈائریکٹر جنرل نے اس بات کی تصدیق کی کہ پروجیکٹ میں کام کی حکمت عملی واضح بنیادوں پر مبنی ہےجو ہر قسم اور شکل کی بارودی سرنگوں سے لاحق خطرے کی نوعیت کے وسیع مطالعے کے بعد اختیار کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ جون 2018ء کو شروع ہوا تھا جس میں مزید ایک سال کی توسیع کی گئی ہے۔اس میں تربیت اور لاجسٹک سپورٹ کو تیز کرکے منصوبےکو مقامی ماہرین کے حوالے کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
القصیبی نے یمن کو بارودی سرنگوں کے میدان میں درپیش ایک حقیقی تباہی کی طرف متوجہ کیا جس سے یمنی عوام کے حال اور مستقبل کو خطرہ لاحق ہے۔
مسام مائن کلیئرنس پروجیکٹ کے ڈائریکٹر جنرل نے یمن میں مشترکہ کوششوں اور یمن میں کام کرنے والے مائن کلیئرنس سے متعلق تمام بین الاقوامی پروگراموں کے درمیان رابطوں ، تعاون اور معلومات کے تبادلے کے چینلز کھولنے پر زور دیا۔
اس سلسلے میں "مسام" پروجیکٹ کے ڈائریکٹر جنرل نے یمن میں نیشنل مائن ایکشن پروگرام YAMAC) ) کے ساتھ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو سراہا جس کے نتیجے میں پروجیکٹ اور پروگرام دونوں کو تفویض کردہ کاموں کو انجام دینے کے اہداف حاصل کیے گئے۔