فلسطینی وزارت صحت نے منگل کی صبح بتایا ہے کہ مغربی کنارے کے شہر بیت لحم میں اسرائیلی آباد کاروں نے فائرنگ کر کے ایک فلسطینی کو ہلاک اور تین کو زخمی کر دیا۔
اس سے قبل اسرائیل نے گذشتہ روز اعلان کیا تھا کہ مغربی کنارے میں نور شمس کے علاقے میں ایک آپریشن سینٹر کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ تاہم حملے کے مقصد یا اس میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔
اس حوالے سے فسلطینی وزارت صحت نے پیر کی شب بتایا کہ طولکرم کے مشرق میں واقع نور شمس کیمپ پر اسرائیلی بم باری میں 5 فلسطینی شہری جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے۔ فلسطینی سرکاری خبر رساں ایجنسی "وفا" کے مطابق اسرائیلی ڈرون طیارے نے کیمپ میں واقع ایک عمارت پر کئی راکٹ داغے۔ اس عمارت میں متعدد فلسطینی شہری موجود تھے۔
یاد رہے کہ مغربی کنارے میں ایک برس سے زیادہ عرصے سے پر تشدد واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے تاہم سات اکتوبر 2023 کو غزہ کی پٹی میں جنگ چھڑنے کے بعد سے صورت حال خراب ہو گئی۔
فلسطینی سرکاری اعدد وشمار کے مطابق سات اکتوبر کے بعد مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کی فائرنگ سے اب تک کم از کم 640 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔