ایمنسٹی کا اسرائیل کی جانب سے مشرقی غزہ کے انہدام پر جنگی جرائم کی تحقیقات پر زور

اسرائیلیوں کی حفاظت کے اقدامات بین الاقوامی قوانین اور ذمہ داریوں کے مطابق ہونے چاہئیں: گروپ کی امریکی ڈائریکٹر کا مطالبہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے جمعرات کو اسرائیل کی جانب سے مشرقی غزہ میں گھروں اور کھیتوں کو مسمار کرنے کے خلاف جنگی جرائم کی تحقیقات پر زور دیا ہے۔ اس مسماری کا مقصد اسرائیل اور فلسطینی سرزمین کے درمیان ایک نام نہاد بفر زون کو وسعت دینا ہے۔

ایمنسٹی نے کہا، "بلڈوزر اور دستی طور پر نصب کردہ دھماکہ خیز مواد کا استعمال کرتے ہوئے اسرائیلی فوج نے غیر قانونی طور پر زرعی اراضی اور شہری عمارات تباہ کر دی ہیں اور گھروں، سکولوں اور مساجد سمیت پورے کے پورے محلوں کو مسمار کر دیا ہے۔"

لندن میں مقیم حقوق گروپ نے کہا ہے کہ سات اکتوبر کو جنگ کے آغاز سے ہونے والی مسماری کی "جنگی جرائم اور اجتماعی سزا کے طور پر تفتیش ہونی چاہیے۔"

اسرائیل نے کئی معاملات میں کہا ہے کہ وہ باڑ کے دوسری طرف رہنے والی اسرائیلی برادریوں کے تحفظ کے لیے "دہشت گردی" کا بنیادی ڈھانچہ تباہ کر رہا ہے۔ اس نے ایمنسٹی کی جانب سے تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

گروپ نے کہا، ایمنسٹی کی تحقیقات میں اکتوبر اور مئی کے درمیان اسرائیلی فوجیوں کی پوسٹ کی گئی سیٹلائٹ تصاویر اور ویڈیوز کا جائزہ لیا گیا جس سے ظاہر ہوا کہ "غزہ کی مشرقی سرحد کے ساتھ عمارات مسمار کر کے نئی برابر کی گئی زمین کی چوڑائی تقریباً ایک سے ایک اعشاریہ آٹھ کلومیٹر تک تھی۔"

اس نے کہا، توسیع شدہ بفر زون تقریباً 58 مربع کلومیٹر (22 مربع میل) یا غزہ کی پٹی کے تقریباً 16 فیصد پر محیط ہے۔ اس زون کے اندر 90 فیصد سے زیادہ عمارات تباہ شدہ ہیں یا انہیں شدید نقصان پہنچا ہے۔

اس نے مزید کہا، علاقے کی نصف سے زیادہ زرعی زمین پر "جاری تنازعات کی وجہ سے فصلوں کی صحت اور قوت میں کمی" ظاہر ہوئی ہے۔

ایمنسٹی کی ایریکا گویرا روزاس نے کہا، "ہمارے تجزیئے سے غزہ کے مشرقی علاقے کے ساتھ ایک ایسا نمونہ ظاہر ہوتا ہے جو پورے علاقے کی منظم تباہی سے مطابقت رکھتا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا، "گھر شدید لڑائی کے نتیجے میں تباہ نہیں ہوئے۔ بلکہ اسرائیلی فوج نے علاقے کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد دانستہ زمین کو مسمار کیا۔

انہوں نے زور دیا، "اسرائیلیوں کی غزہ سے ہونے والے حملوں سے حفاظت کے لیے اقدامات ایسے ہونے چاہیئں جو بین الاقوامی قانون کے تحت اسرائیل کی ذمہ داریاں پوری کریں جن میں بے دریغ تباہی اور اجتماعی سزا کی ممانعت شامل ہے۔"

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں