اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین (UNRWA) نے اعلان کیا ہے کہ اس کا ایک ملازم شمالی مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی کارروائی کے دوران سنائپر کی گولیوں سے اپنے گھر کی چھت پر مارا گیا ہے۔ ایجنسی نے بیان میں کہا کہ دس سال سے زیادہ عرصے میں یہ پہلا موقع ہے کہ انروا کا کوئی ملازم مغربی کنارے میں مارا گیا ہے۔
انروا نے کہا ہے کہ وسطی غزہ کی پٹی میں النصیرات کے علاقے میں ایک سکول پر دو فضائی حملوں میں اس کے چھ ملازمین مارے گئے۔ یاد رہے انروا کے ساتھ اسرائیل کے خراب تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں لیکن یہ تعلقات اس وقت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئے جب اسرائیل نے الزام لگایا کہ انروا کے 12 ملازمین نے حماس کے ساتھ ملکر 7 اکتوبر 2023 کے حملے میں حصہ لیا تھا۔ لیکن اسرائیل نے اپنے الزامات کی حمایت کے لیے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا۔