خلیج تعاون کونسل کے سربراہ اجلاس نے غزہ میں اسرائیل کی طرف سے جاری بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ سربراہ اجلاس کے موقع پر جاری کیے گئے ایک مشترکہ اعلامیے میں کیا گیا ہے۔
اعلامیہ جسے خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البداوی نے پڑھ کر سنایا ہے اس میں اسرائیل کی لبنان میں جنگ بندی کے بعد مسلسل جاری بمباری کے واقعات کی بھی مذمت کی گئی ہے۔ 'جی سی سی' کا یہ 45 واں سربراہ اجلاس کویت میں اتوار کے روز اختتام پذیر ہوا ہے۔
چھ رکنی خلیج تعاون کونسل کا یہ اجلاس سات اکتوبر سے جاری اسرائیلی جنگ کے باعث انتہائی مشکل وقت پر منعقد کیا گیا ہے۔ کیونکہ خطرہ ہے کہ یہ جنگ دور تک پھیل سکتی ہے۔ جیسا کہ بار بار ایسا ہو چکا ہے کہ اس جنگ کی وجہ سے خطے میں کشیدگی بڑھنے کے واقعات بھی سامنے آچکے ہیں۔
خلیجی تعاون کونسل نے مطالبہ کیا غزہ میں قتل و غارت گری بند کی جائے اور غزہ کے شہریوں کو اجتماعی سزا دینے کا سلسلہ روکا جائے۔ اس اعلامیے میں لبنان میں جنگ بندی کا خیر مقدم کیا گیا نیز لبنانیوں پر زور دیا گیا کہ وہ اپنے ریاستی مفادات کو ترجیح دیں۔