شام : رجیم کی تبدیلی کے بعد تبدیلی کے اگلے مرحلے کا آغاز

خواتین کے حقوق کے لیے مظاہرین سڑکوں پر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

سینکڑوں شامی مظاہرین نے جمعرات کے روز شامی دارالحکومت دمشق میں احتجاجی مظاہرہ کیا ہے تاکہ شام میں خواتین کے حقوق کی آواز بلند کر سکیں۔ سینکڑوں مظاہرین خواتین کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتے ہوئے یہ نعرہ بھی پوری شدت سے لگا رہے تھے' ہم جمہوریت چاہتے ہیں اسلامی ریاست نہیں۔ '

احتجاجی مظاہرین کا یہ اجتماع 'فری سول سیریا' نامی پلیٹ فارم نے منظم کیا تھا۔ یہ ابھی محض چند سو افراد پر مشتمل تھا لیکن ' فری سول سیریا ' کے منتظمین کو قوی امید ہے کہ آنے والے دنوں میں اس مظاہرے کو ایران کے ستمبر 2022 میں ہونے والی عوامی احتجاج کے قالب میں ڈھالا جا سکے گا۔

ان مظاہرین میں سے کئی نے یہ کتبے بھی اٹھا رکھے تھے ' آزاد خواتین کے بغیر آزاد معاشرہ نہیں بن سکتا۔'

یہ نئی اور خواتین کی آزادی کی سوچ کو آگے بڑھانے والی تحریک ' ھیتہ التحریر الشام ' کے اسی ماہ کی آٹھ تاریخ کے ' انقلاب' کے جلو میں شروع ہو رہی ہے۔ ھیتہ التحریر الشام نے اپنی مسلح کارروائیوں کا آغاز 26 نومبر کے لگ بھگ حلب سے کیا تھا اور آٹھ دسمبر کو بشارالاسد کا تختہ الٹ دیا۔

اس سے قبل ' ھیتہ التحریر الشام' کو امریکہ اور مغربی دنیا نے ایک دہشت گرد گروپ کے طور پر دنیا کو متعارف کرا رکھا تھا۔ تاہم ' ھیتہ التحریر الشام ' نے آٹھ دسمبر کے بعد ابھی تک ایک معتدل سوچ کی حامل حکومتی رجیم کا تاثر دیا ہے۔ اس نے یکم مارچ تک کے لیے ایک عبوری 'سیٹ اپ 'بھی دیا ہے جس کے سربراہ محمد البشیر ہیں۔

احتجاجی مظاہرین میں سے ایک 50 سالہ ماجدہ مدرس نے کہا ' خواتین اور مردوں کو شام کی تعمیر کے لیے مل کر کردار ادا کرنا ہو گا۔ خواتین کا ملک کی سیاسی زندگی میں ایک کردار ہے۔ ہم خواتین کے ان حقوق کے حوالے سے نظر رکھیں گے اور خواتین کے ان حقوق کے خلاف اقدامات برداشت نہیں کریں گے۔'

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی جمعرات کے روز شام کے بارے میں کہا ہے ' شام میں 'امید کا شعلہ' موجود ہے۔ اس شعلے کو بجھنا نہیں چاہیے۔ '

اب سینکڑوں مظاہرین نے اپنی اور مغربی دنیا کی امیدوں کے اس شعلے کو بھڑکا دیا ہے۔ امکانی طور پر یہ الاؤ بن سکتا ہے یا کم از کم آتش شام ضرور بن سکے گا۔ جس کے نتیجے میں فوری طور پر خواتین کے حقوق کی آواز توانا ہوگی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں