سعودی عرب میں "احسان" پلیٹ فارم کے ذریعے جاری قومی عطیات کی فلاحی مہم کے پانچویں ایڈیشن میں اب تک جمع ہونے والی رقم کا حجم 86.2 کروڑ ریال تک پہنچ گیا۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ رقم عطیات کی 40 لاکھ سے زیادہ کارروائیوں کے ذریعے اکٹھا ہوئی۔
سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جمعہ سات مارچ کو قومی عطیات کی پانچویں مہم کا افتتاح کیا تھا، یہ مہم رمضان کے اختتام تک جاری رہے گی۔
اس مہم کو شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے بھرپور سرپرستی اور دل چسپی حاصل ہے۔ یہ مہم معاشرے کے تمام افراد کو موقع دیتی ہے کہ وہ ایسے ماہ میں نیکی کے کاموں میں حصہ ڈالیں جب اجر و ثواب کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔
اس حوالے سے 'احسان' پلیٹ فارم کی نگراں کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر ماجد القصبی نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے اس پلیٹ فارم کے لیے جاری مسلسل سپورٹ کو گراں قدر قرار دیا۔ یہ پلیٹ فارم 2021 میں شاہی فرمان کے ذریعے قائم کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر القصبی کے مطابق قومی عطیات کی مہم کے چوتھے ایڈیشن میں حاصل ہونے والی مجموعی رقم 1.8 ارب ریال سے زیادہ رہی تھی جو 1.5 کروڑ سے زیادہ عطیات کے ذریعے اکٹھا ہوئی۔ یہ اعداد و شمار فلاحی کاموں اور پائے دار ترقی کے سیکٹر میں مملکت کے نمایاں مقام کے عکاس ہیں۔
قومی مہم کے تیسرے ایڈیشن میں عطیات کی مجموعی رقم 76 کروڑ سے تجاوز کر گئی تھی۔ مہم کے پہلے اور دوسرے ایڈیشن میں جمع ہونے والے عطیات کا حجم بالترتیب 75 کروڑ اور 80 کروڑ ریال سے زیادہ رہا۔