سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فيصل بن فرحان نے قطر کا دورہ کیا جہاں انھوں نے ایک اہم ملاقات میں شرکت کی۔ اس ملاقات میں قطر کے وزیر خارجہ شيخ محمد بن عبدالرحمن، اردن کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایمن الصفدی، مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبد العاطی، امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور خليفہ المرر، تنظیم آزادی فلسطین (پی ایل او) کے سکریٹری جنرل حسین الشیخ اور مشرق وسطی کے لیے امریکی نمائندے اسٹیف ویٹکوف بھی شریک تھے۔
العربیہ نیوز چینل کے نمائندے نے تصدیق کی ہے کہ پانچ ممالک کے وزرائے خارجہ اور ویٹکوف کے درمیان غزہ کی تعمیر نو کا عرب منصوبہ زیر بحث آیا۔ اس موقع پر پی ایل او کے سکریٹری جنرل حسین الشیخ بھی موجود تھے۔ دوحہ ملاقات میں غزہ کی پٹی سے متعلق خصوصی انتظامی کمیٹی پر بھی بات چیت ہوئی۔
اجلاس کے بعد جاری بیان میں بتایا گیا کہ عرب وزرائے خارجہ اور امریکی صدر کے مشرق وسطی کے نمائندے کے درمیان اس بات پر اتفاق ہوا کہ غزہ کی تعمیر نو کے لیے مصری منصوبے کے حوالے سے مشاورت اور رابطہ کاری کا سلسلہ جاری رہے گا۔
بیان کے مطابق عرب وزرائے خارجہ نے غزہ اور مقبوضہ فلسطینی اراضی میں فائر بندی کو قائم رکھنے کی اہمیت کو باور کرایا۔ انھوں نے زور دیا کہ دو ریاستی حل کی بنیاد پر منصفانہ اور جامع امن کو یقینی بنانے کے لیے حقیقی کوشش کی ضرورت ہے۔
ملاقات کے شرکاء نے مصر کی میزبانی میں ایک "بین الاقوامی کانفرنس برائے تعمیر نو" کے انعقاد پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس میں اقوام متحدہ اور فلسطینی حکومت کا تعاون حاصل ہو گا اور عالمی ممالک اور عطیہ کنندگان شریک ہوں گے۔