امارات میں "محمد بن زاید ہیومینٹیرین امپیکٹ فاؤنڈیشن" کا قیام
ادارے کا مقصد 500 ملین سے زیادہ لوگوں تک اپنی امداد پہنچانا ہے
متحدہ عرب امارات نے "محمد بن زاید ہیومینٹیرین امپیکٹ فاؤنڈیشن" کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا ہے جس کا کام انسان دوستی، خیراتی اور ترقیاتی منصوبوں کو ترویج دینا ہوگا۔ یہ ادارہ انسان دوستی، رفاہی اور ترقیاتی کاموں کی ثقافت کو فروغ دے گا اور متاثرہ افراد کو امداد اور ریلیف فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ یہ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر انسانی ہنگامی صورت حال پر فوری ردعمل کو یقینی بنانے پر بھی کام کرے گا۔
محمد بن زید فاؤنڈیشن فار ہیومینٹیرین امپیکٹ کے ذریعے اگلے پانچ سالوں میں امارات ایشیا، افریقہ اور مشرق وسطیٰ کے ممالک سمیت 50 سے زائد ملکوں میں اپنے پروگرام کو 500 ملین سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا چاہتا ہے۔ اس کا مقصد امارات میں موجود خیراتی اقدامات کو توسیع دینا ہے۔
فاؤنڈیشن کی حکمت عملی انسانی صلاحیتوں میں بھی اضافہ کرے گی۔ عالمی صحت کی ترجیحات کی حمایت کی جائے گی۔ دنیا بھر میں سب سے زیادہ ضرورت مند کمیونٹیز کے لیے مواقع فراہم کرنا بھی فاؤنڈیشن کے مقاصد میں شامل ہے۔ اس کے علاوہ افراد اور کمیونٹیز کو بااختیار بنانے اور ان کی خوشحالی کے حصول کے لیے امید افزا حل پیش کرنے میں سرمایہ کاری کرکے عالمی صحت اور سب کے لیے جامع ترقی کے شعبے میں پائیدار کوششیں کی جائیں گی۔