جبالیا میں انروا کی کلینک پر بم باری ، اسرائیل کا حماس کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

گذشتہ ماہ 18 مارچ سے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آج بدھ کے روز فلسطینی شہری دفاع کے اعلان کے مطابق غزہ کی پٹی کے شمال میں جبالیا پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے ایک عمارت کو نشانہ بنایا۔ حملے میں 9 بچوں سمیت 16 فلسطینی جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ اس عمارت میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی انروا کے زیر انتظام ایک کلینک بھی واقع تھی۔

شہری دفاع کے ذرائع کے مطابق مرنے والوں کی لاشیں ٹکڑوں میں تبدیل ہو گئیں اور وہ عمارت جس میں درجنوں بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے تھے، بڑی تباہی کا شکار ہو گئی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

ادھر اسرائیلی فوج کے اعلان کے مطابق جبالیا کیمپ میں انروا کے زیر انتظام عمارت میں حماس تنظیم کے عناصر کو حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ بیان کے مطابق حماس کے مسلح عناصر کمان مرکز میں چھپے ہوئے تھے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاتز نے غزہ میں جاری فوجی آپریشن میں بڑے پیمانے پر توسیع کا اعلان کیا ہے۔ آج بدھ کے روز جاری بیان میں یسرائیل کاتز نے باور کرایا ہے کہ "غزہ کی پٹی میں وسیع رقبوں کو قبضے میں لے کر انھیں اسرائیلی سیکورٹی علاقوں میں شامل کیا جائے گا"۔

اسرائیلی وزیر کے مطابق لڑائی کے علاقوں سے مقامی آبادی کا بڑے پیمانے پر انخلا عمل میں آئے گا۔

یسرائیل کاتز نے غزہ کی آبادی پر زور دیا کہ وہ حماس پر قابو پائیں اور اسرائیلی قیدیوں کو واپس کر دیں۔ کاتز کے مطابق یہ جنگ کو ختم کرنے کا واحد طریقہ ہے۔

یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب آج بدھ کی صبح سے غزہ پر اسرائیلی بم باری کا سلسلہ جاری ہے۔ طبی ذرائع نے العربیہ نیوز کو بتایا کہ اسرائیلی حملوں میں چند گھنٹوں کے اندر 21 فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔

اسرائیلی فوج نے گذشتہ روز غزہ کی پٹی کے شمالی علاقوں بالخصوص بیت لاہیا اور بیت حانون کو خالی کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔ اس سے قبل غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر رفح میں بھی اسی نوعیت کے احکامات دیے گئے۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے غزہ کے اندر پہلے ہی ایک بڑا بفر زون قائم کر دیا ہے۔ اسرائیل نے جنگ سے قبل غزہ کی پٹی کے اطراف مجود رقبے کو سیع کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ نتساریم گزر گاہ میں ایک بڑے سیکورٹی زون کا بھی اضافہ کر دیا گیا۔

دوسری جانب اسرائیلی قیادت نے غزہ کی پٹی سے فلسطینیوں کے رضاکارانہ کوچ کو آسان بنانے کے لیے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔

اسرائیل نے گذشتہ ماہ 18 مارچ کو حماس کے ساتھ فائر بندی کا معاہدہ توڑ دیا تھا۔ اس نے غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر اچانک فضائی حملے کیے جن میں سیکڑوں فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں