لندن سے ورجن اٹلانٹک کی پرواز کا ریاض تک سفر، سعودی عرب کے لیے ایئرلائن کی اولین پرواز
لندن تا ریاض روزانہ سروس کا آغاز، سیول کے لیے بھی نئی سروس کا اعلان
ورجن اٹلانٹک کی سعودی عرب کے لیے اولین پرواز بدھ کے روز ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتر گئی۔ ایئرلائن نے برطانیہ سے روزانہ کی فلائٹ سروس شروع کر دی ہے۔
ایئرلائن کے بانی رچرڈ برانسن لندن ہیتھرو سے پرواز پر سوار تھے۔ کمپنی کاروباری سفر کی ضروریات پورا کرنے کی کوشش کر رہی ہے جو سعودی ویژن 2030 کے تحت بڑھنے کی توقع ہے۔ یہ مملکت کے قومی اصلاحات اور تنوع کا ایک جامع پروگرام ہے جس کے لیے مختلف اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔
ایئرلائن نے کہا، ریاض کی ایک کاروبار اور تفریحی مقام کے طور پر ترقی یہ روٹ متعارف کروانے کے فیصلے کی وجہ بنی کیونکہ شرقِ اوسط کی سب سے بڑی معیشت میں کاروبار، کھیلوں، ثقافتی مواقع اور تجربات کی سرگرمیاں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔
کمپنی نے کہا ہے کہ وہ برطانیہ جانے میں دلچسپی رکھنے والے یا شمالی امریکہ سے رابطہ پرواز لینے کے خواہشمند صارفین کے لیے "غالب طور پر سعودی عرب پوائنٹ آف سیل" پیش کرنے کی بھی توقع رکھتی ہے۔
ورجن کو توقع ہے کہ کاروباری مسافروں کے ساتھ یہ راستہ ان سعودیوں میں مقبول ثابت ہو گا جو دوستوں اور اہلِ خانہ سے ملنے کے لیے جانا چاہتے ہوں کیونکہ مملکت سے بڑی تعداد میں لوگ برطانیہ میں رہنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔
کمپنی نے مزید کہا، "ورجن اٹلانٹک بھی ریاض ایئر کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کی منتظر ہے جب یہ 2025 میں سفر شروع کرے گی۔"
ایئرلائنز نے سعودی عرب اور برطانیہ کے درمیان سفر کرنے والے صارفین کے لیے خدمات کا ایک سلسلہ متعارف کروانے کے لیے گذشتہ سال ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ ریاض ایئر کا سرگرم عملہ اس روٹ پر موجود ہو گا جس کا مقصد ثقافتی طور پر مناسب خدمات فراہم کرنا ہے۔
کمپنی نے کہا، "سفر سے قبل پیش کردہ مشروبات میں عربی کافی اور ساتھ ہی اپر اور پریمیم کیبن میں کھجوریں پیش کی جاتی ہیں۔ حلال کھانا پورے سفر میں دستیاب ہوتا ہے اور دعائے سفر بھی حفاظتی ویڈیو سے پہلے ادا کی جاتی ہے۔"
برانسن سے ملاقات کے بعد سعودی وزیرِ سیاحت احمد الخطیب نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا: "ہم غیر معمولی سفری تجربات کی فراہمی، دنیا کو سعودی مقامات سے ملانے اور سعودی سیاحت کو عالمی نقشے پر بلند کرنے کے لیے جناب رچرڈ برانسن اور ورجن گروپ کے ساتھ اپنی تزویری شراکت داری کو وسعت دینے کے منتظر ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا، "ورجن اٹلانٹک کے ساتھ ہماری شراکت داری سعودی عرب کو دنیا سے ملانے والی نئی راہیں کھولے گی۔ یہ عالمی فضائی رابطے میں ایک نئے باب کی نشاندہی اور ایک اہم سفری مرکز کے طور پر مملکت کے کردار کو مضبوط کرتی ہے۔ یہ برطانیہ اور دنیا کے مسافروں کو ہمارے بھرپور سیاحتی تجربے کو دریافت کرنے کی دعوت دیتی ہے۔"
ایئرلائن نے بدھ کے روز جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول کے لیے ایک نئی سروس کا اعلان کیا جو مارچ 2026 میں کام شروع کر دے گی۔ یہ ایشیائی منڈیوں میں توسیع کو ہدف بنا رہی ہے۔